ایڈیلیڈ 10 ڈسمبر (پی ٹی آئی) ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ کے دوسرے دن میزبان ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کمر درد کے باوجود 128 رنز کا انفرادی اسکور بنایا اور بے بس ہندوستانی بولنگ حملوں کے خلاف جارحانہ بیاٹنگ کرتے ہوئے اسٹیون اسمتھ نے اپنے کرئیر کی بہترین سنچری بناتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم کا مجموعی اسکور سات وکٹ پر 517 رنز تک پہونچادیا تاکہ پہلے ٹسٹ کرکٹ پر اپنی ٹیم کا مکمل کنٹرول قائم کیا جاسکے۔ مائیکل کلارک گزشتہ روز کمر پر چوٹ لگنے کے سبب کھیل چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے تھے جنھوں نے آج کمر کے درد کی پرواہ کئے بغیر اسٹیون اسمتھ (162 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ اپنے ٹسٹ کرئیر کی 28 ویں سنچری بنائی اور اپنی ٹیم کے موقف کو مستحکم بنادیا۔ ہندوستانیوں کیلئے آج کا دن مایوس کن رہا جو مسلسل رن دیتے رہے اور صرف ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے کھیل کے اختتام سے عین قبل مائیکل کلارک سے چھٹکارہ پایا جو نئے اسپنر کارن شرما کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ہندوستانی پیسرس کا مظاہرہ متاثرکن نہیں رہا اور وہ آسٹریلیائی بیٹسمین کیلئے کوئی مشکل پیدا نہیں کرسکے۔ کلارک نے کمر میں چوٹ کے باوجود انتہائی مستعد کھیل کا مظاہرہ کیا اور بالخصوص دھیمی گیندوں کا بھرپور فائدہ اُٹھایا۔ دوسری طرف اسمتھ اپنی پانچویں ٹسٹ سنچری بنانے کیلئے بہتر کھیل جاری رکھا۔
بارش اور کم روشنی کے سبب مقررہ وقت سے کھیل آج کے کھیل کے اختتام تک وہ 162 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بارش کے سبب کم سے کم تین مرتبہ کھیل روکا گیا۔ ان وقفوں کے وقت میں 30 اوورس کھیلے جاسکتے تھے۔ سین ابوٹ کے باؤنسر سے زخمی ہونے کے بعد فوت ہونے والے بیٹسمین فلپ ہیوز کا صدمہ برقرار رہا۔ اس ضمن میں آج بھی اُس وقت جذباتی مناظر دیکھے گئے جب کلارک اور اسمتھ نے اپنی سنچریاں مکمل کرنے کے بعد آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے اپنے متوفی ساتھی کو یاد کیا اور خراج عقیدت ادا کیا۔ آنجہانی فل ہیوز کو اعزازی طور پر 13 ویں رکن کی حیثیت سے ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔ ہندوستانیوں کے لئے آج کا دن بہرحال مایوس کن رہا۔ کپتان ویراٹ کوہلی بھی اپنے بولرس سے ہونے والی مایوسی بمشکل ہی چھپا سکے۔ بولرس بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ثابت نہیں ہوسکے۔ حالانکہ گزشتہ شام پہلے دن کے کھیل کے اختتام سے قبل تیزی کے ساتھ ملنے والی تین وکٹوں کے سبب مہمان ٹیم کے حوصلے بلند ہوگئے تھے لیکن ان کے کھیل کا یہ مظاہرہ آج تیزی کے ساتھ معدوم ہوگیا۔ کلارک اور اسمتھ نے ساتویں وکٹ کی ساجھیداری میں تیزی کے ساتھ رن بنایا۔ وقفہ وقفہ سے بارش کے سبب آج تقریباً ساڑھے چار گھنٹوں کا کھیل متاثر ہوا۔