انٹیگا۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سابق عظیم کپتان کلائیولائیڈ کی جگہ سابق وکٹ کیپر کورٹنی براؤن کو سلیکشن کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا۔ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے بموجب کورٹنی براؤن کو دوسال کے لئے سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقررکیا گیا ہے اور اس فیصلہ پر عمل درآمد فوری طور پر ہوگا۔ کلائیو لائیڈ کو یکم اکتوبر 2016 کو خصوصی سفیر مقرر کیا جائے گا تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ انھیں عہدے سے ہٹایا گیا ہے یا وہ خود رضاکارانہ طورپر الگ ہوئے ہیں تاہم بورڈ نے کہا ہے کہ کلائیو لائیڈ کے موجودہ عہدے کی مدت 30 ستمبر 2016 کو ختم ہوگی۔کلائیو لائیڈ نے اگست 2014 میں سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور ان کی منتخب کردہ ٹیم نے ہندوستان میں منعقدہ ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ 2016 جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے چمپین کپتان ڈیرن سیمی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بورڈ کے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا۔سلیکشن کمیٹی کے نئے چیئرمین کورٹنی براؤن نے 20 ٹسٹ اور 46 ونڈے میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔ براؤن اس سے قبل بارباڈوس کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور ویسٹ انڈیز ٹیم کے متبادل سلیکٹر کے طورپر کام کر چکے ہیں جبکہ بارباڈوس کی ٹیم کے وکٹ کیپنگ کوچ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔