عادل آباد ۔ 23جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مکہ معظمہ کی عظمت کعبتہ اللہ کی وجہ ہے تو مدینہ پاک کی عظمت گنبد خضراء کی وجہ سے ہے ۔ مکہ میں حجراسود ہے تو مدینہ منورہ میں ریاض الجنہ ہے ‘ مکہ میں زم زم ہے تو مدینہ میں کھجور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا ذاکر نظامی بندہ نوازی نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اپنے خطاب کے دوران کیا ۔ مولانا مستقر عادل آباد کے خانقاہ محمدی میں جلسہ عظمت مدینہ منورہ کے موقع پر مخاطب تھے جبکہ اس موقع پر علماء مشائخین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس جلسہ کے متولی مولانا میر اعجاز علی نے اپنے خطاب میں کہاکہ کعبہ عبادت کا مرکز ہے تومدینہ محبت عظمت و عیقدت کا مرکز ہے ۔ مدینہ پاک میں درختوں کا کاٹنا اور جانوروں کو مارنا بھی ممنوع ہے چونکہ ان تمام سے آپؐ سے نسبت ہے ۔ حضورؐ نے اُمت کو خبردار فرمایا کہ جو اہل مدینہ کو ڈرائے خوف میں مبتلا کرے وہ ایسے گھل جاتے ہیں جیسے نمک پانی میں گھل جاتا ہے اور جو مدینہ منور کی محبت کو اپنے دل میں رکھے حضورؐ قیادت میں اس کی شفاعت فرمائیں گے ۔ لہذااُمت کے ہر فرد کو مدینہ منورہ کا احترام و عظمت اپنے اندر پیدا کرنے کا مشورہ دیا ۔ عظمت رسولؐ عظمت مدینہ عشق رسولؐ خانقاہوں میں اہل خانقاہ کے پاس ملتی ہے ۔ اختتام پر مولانا سید شاہ نصرت علی قادری چشتی صابری کے ذکر و دعا صلوٰۃ و سلام پر عمل میںلایا گیا جبکہ عزیزم مسلمان مسلمہ کی قرآن کلام پاک کی تلاوت سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ نعت شریف جناب فصاحت علی چشتی سروردی قلندری نے سنائی ۔