کشواہا کی شرد یادو سے ملاقات ، جے ڈی یو کی الزام تراشی

آر ایل ایس پی کے اپنے قائد کی توہین پر احتجاجی مظاہرے ، نتیش کمار کا پتلہ نذر آتش

نئی دہلی ۔ 12 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کا اتحاد ایسا معلوم ہوتا ہے کہ شر دیادو اور جے ڈی یو کے درمیان اختلافات کی نذر ہوجائے گا کیونکہ بھگوا پارٹی نے مرکز کی این ڈی اے اور ریاست میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے خلاف مہم کی مذمت کرنا چھوڑ دی ہے ۔ کشواہا نے شردیادو سے آج ملاقات کرکے ان پیش قیاسیوں کو عام انتخابات سے قبل مزید تقویت دی ہے ۔ کیونکہ نتیش کمار نے نشستوں کی تقسیم کے انتظامات پر اعتراض کیاہے۔ بی جے پی اور اس کی تین ریاستی حلیف پارٹیوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں ۔ مرکزی وزیر نے شردیادو سے اپنی ملاقات کو حالانکہ خیرسگالی ملاقات قرار دیا ہے لیکن مبینہ طورپر دونوں قائدین نے موجودہ سیاسی صورتحال برائے بہار پر تبادلۂ خیال کیاہے ۔ شردیادو کے نتیش کمار کے ساتھ تعلقات میں اُس وقت سے کشیدگی پیدا ہوگئی جبکہ جے ڈی یو کے سربراہ نے گزشتہ سال بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا تھا اور اُس کی مخالفت کے بجائے اُس کے اشتراک سے این ڈی اے کی تائید میں کام کررہے تھے ۔ آر ایل ایس پی کے کارکنوں نے بعد ازاں نتیش کمار کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ اُن کا پتلا جلایا اور الزام عائد کیا کہ اُنھوں نے اُن کے قائد کی توہین کی ہے ۔ دونوں قائدین کی ملاقات پر ماہاگٹھ بندھن نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے ہائی کمان نے اس ملاقات کو نوٹ کیاہے ۔ کشواہا نے آر جے ڈی کے قائد تیجسوی یادو سے بھی چند دن قبل ملاقات کی تھی اور وہ اکثر کہتے رہے ہیں کہ وہ نریندر مودی کے دوبارہ وزیراعظم بننے کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے لیکن اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ اُن کی ملاقاتوں پر اُن کے عزائم مشتبے ہوگئے ہیں ۔