جموں ۔6 ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقومی کرکٹ کھلاڑی اور جموں وکشمیر کرکٹ ٹیم کے کوچ عرفان پٹھان نے کہا کہ جموں وکشمیر کے کرکٹ کھلاڑی باصلاحیت ہیں ، ان کھلاڑیوں کو صرف ترتیب اور درست سمت دینے کی ضرورت ہے ۔ عرفان پٹھان نے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر جموں وکشمیر میں کرکٹ کی بات کریں تو ان میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے اور جواعتماد کی کمی ہے ، اس میں آہستہ آہستہ بہتری آئے گی ۔ جموں وکشمیر ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ، جموں و کشمیر کی ٹیم نے رواں برس تامل ناڈوکرکٹ ٹیم کو شکست دی ہے ۔ تاملناڈو رانجی ٹرافی میں دوسری بہترین ٹیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کرکٹ ٹیم کے لئے ابھی کام کرنے ضرورت ہے اور بچوں کی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔کسی بھی ٹیم کے لئے جب کئی برسوں سے اچھے نتایج برآمد نہیں ہوتے ہیں تو وہ ٹیم آگے نہیں بڑھ نہیں پاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شاید کرکٹ شائقین سمجھ نہیں پائے ہوں گے لیکن جموں وکشمیر ٹیم میں کافی بہتری آئی ہے ،اس کے آئندہ مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔