جے پور۔2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) رانجی ٹرافی ٹورنمنٹ کے دوسرے دن ہی اس سیزن کی پہلی ہیٹ ٹرک دیکھنے کو ملی۔ یہ کارنامہ جموں و کشمیر کے فاسٹ بولر محمد مدثر نے انجام دیا جنہوں نے راجستھان کے خلاف چارگیندوں میں چار وکٹ حاصل کئے جبکہ مقابلے کی پہلی اننگز میں انہوں نے میزبان ٹیم کے خلاف 90 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 30 سالہ فاسٹ بولر مدثر نے اپنے کرئیر کی پہلی ہی اننگز میں اچھی شروعات کرنے والی راجستھان کی ٹیم کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ راجستھان کی ٹیم ایک وقت میں تین وکٹ پر 329 رن بناچکی تھی ، لیکن اس کے بعد مدثر نے لگاتار چار گیندوں میں چار وکٹ لیتے ہوئے اسکی ہمالیائی اسکور کی سمت پیش رفت پر روک لگا دیا۔مدثر نے اپنی ہیٹ ٹرک کے تینوں وکٹ ایل بی ڈبلیو کے طور پر لئے۔ 99 ویں اوور میں ان کا پہلا شکار چیتن بشٹھ ہوئے ، اس کے بعد تجیندر سنگھ اور راہول چاہڑ ان کا شکار بنے۔ اس کے بعد چوتھی گیند پر حق کو انہوں نے آوٹ کیا۔ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ مدثر نے ہیٹ ٹرک لی ہو۔ مدثر نے سال 2017 میں چھتیس گڑھ کے خلاف بھی ہیٹ ٹرک لی تھی۔ یہ لسٹ اے کرکٹ میں ان کی پہلی ہیٹ ٹرک تھی حالانکہ اس کے باوجود جموں وکشمیر کی ٹیم چار رنوں سے میچ ہار گئی تھی۔سری نگر کے محمد مدثر 28 فرسٹ کلاس میچوں میں اب تک 75 وکٹ لے چکے ہیں۔ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز 379 رنز اسکور کئے ہیں جبکہ دوسرا دن ختم ہونے پر کشمیر کی ٹیم نے 186/7 رنز بنائے ہیں جس میں کپتان پرویز رسول نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے۔دن کے اختتام پر وکٹ کیپر بیٹسمین فاضل رشید 30 گیندوں میں 8 اورمحمد مدثر10 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 15 رنز بناکر کھیل رہے ہیں۔