کشمیر ی عوام کو منقسم کرنے کے الزام کی تردید ۔ بی جے پی

جموں ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام): بی جے پی نے آج کانگریس کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ جموں و کشمیر میں عوام کو مذہبی خطوط پر تقسیم کیا جارہا ہے اور بتایا کہ صرف مفادات حاصلہ ہی ریاست کی ترقی اور امن کی بحالی میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں ۔ ریاستی بی جے پی کے ترجمان ارون گپتا نے بتایا کہ ریاست میں پارٹی کا یہ نصب العین ہے کہ ہر ایک کو روزگار ، غذا اور امکان فراہم کیا جائے اور ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچنے انہوں نے دریافت کیا کہ ریاست کی ترقی کے لیے کام کرنا فرقہ پرستی ہے ؟ جب کہ عرصہ دراز تک حکومت کرنے والی جماعتیں کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے ریاست کو پسماندگی کے غار میں ڈھکیلا ہے ۔ تاہم بی جے پی ۔ پی ڈی پی کی مخلوط حکومت ریاست میں عام حالات کی بحالی کے لیے کام کررہی ہیں ۔ گذشتہ ماہ لداخ پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں کانگریس کی شکست پر پارٹی قائدین نے بی جے پی پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ عوام کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ لداخ عوام نے ترقیاتی ایجنڈہ پر ووٹ دیا ہے اور انہیں نا امید نہیں کیا جائے گا ۔۔