کشمیر کے17 سالہ راسخ سلام آئی پی ایل میں توجہ کا مرکز

جے پور ۔20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )جموں وکشمیرکوویسے توزمین کی جنت کہا جاتا ہے لیکن یہاں کبھی سیاست کی وجہ توکبھی کچھ شدت پسندوں کی پتھربازی اورفوج سے ٹکراوکی وجہ سے بھی سرخیوں میں رہتا ہے، لیکن اب ریاست سے نکلنے والے نوجوان کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں بھی پیچھے نہیں ہیں۔ تعلیم کے میدان سے لے کرکرکٹ کی دنیا میں بھی انہیں منفرد شناخت حاصل ہورہی ہے۔ آئی پی ایل 2019 کے لئے نیلامی میں ممبئی انڈینس نے جموں وکشمیرکے راسخ سلام ڈارپر بھروسہ کرتے ہوئے اسے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔ راسخ سلام ڈارکوممبئی انڈینس نے جے پورمیں منعقدہ آئی پی ایل 2019 کے نیلامی تقریب میں 20 لاکھ روپئے کے بنیادی قیمت پرخریدا ہے۔ آئی پی ایل 2019 میں نیلامی کے بعد جموں وکشمیر کے کلگام ضلع کے رہنے والے 17 سالہ سلام ڈار جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے کہا یہ بے حد دلچسپ لمحہ ہے، میں اپنے جذبات کو قابومیں نہیں کرسکتا۔ کیونکہ میرا خواب سچ ثابت ہوگیا ہے۔ وہ ممبئی انڈینس میں شامل ہونے کی خوشی کو لفظوں میں نہیں بیان کرسکتے ہیں۔ ممبئی انڈینس نے اس 17 سالہ فاسٹ بولرکو موقع دیا ہے، جس سے اس کھلاڑی کے حوصلے بلند ہیں۔ حالانکہ اگرراسخ سلام ڈارکوموقع ملتا ہے، تواسے اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھانے کا موقع مل سکتا ہے۔ اس کھلاڑی کوکشمیرکا ہیروبھی کہا جارہا ہے۔ تاہم دیکھنے کی بات یہ ہوگی کہ سلام ڈارکوکتنا موقع ملتا ہے اوروہ اس کا کس طرح سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اس طرح کے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے آئی پی ایل نے ایک بہترین پلیٹ فارم دستیاب کیا ہے۔ واضح رہے کہ دائیں ہاتھ کے اس فاسٹ بولر نے اس سال وجے ہزارے ٹرافی میں لسٹ اے میں اپنے کرئیرکا آغازکیا ۔ انہوں نے اکتوبرمیں ممبئی انڈینس کے ٹرائلس میں شرکت کی تھی، وہ پرویز رسول اورمنظورڈارپانڈو کے بعد آئی پی ایل سے منسلک ہونے والے تیسرے کشمیری کھلاڑی ہیں۔ ریاستی ٹیم کے کپتان پرویزرسول کشمیروادی کے پہلے کرکٹرتھے، جنہیں آئی پی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔ انہیں تحلیل شدہ پونے واریئرس نے اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ اس کے علاوہ جموں وکشمیرکے منظورڈارتانڈوکوگزشتہ سال آئی پی ایل کی کنگس الیون پنجاب نے خریدا تھا لیکن منظورڈارپانڈو کومیچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا، لیکن پریکٹس میچ کے دوران ہی ہندوستانی ٹیم کے جارحانہ بیٹسمین ویریندرسہواگ نے کشمیرکا ہیرو قراردیا تھا۔ ویریندرسہواگ نے اس کھلاڑی کی جم کرتعریف کی تھی۔ اس کھلاڑی کوکنگس الیون پنجاب نے 20 لاکھ کے بنیادی قیمت میں خریدا تھا۔ اب راسخ سلام ڈارکی شکل میں جموں وکشمیرکے تیسرے کھلاڑی کی آئی پی ایل میں آمد ہوئی ہے۔