کشمیر میں ہڑتال‘ معمولات زندگی مفلوج

سرینگر ۔30اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )وادی کشمیر میں آج علحدگی پسند گروپس کی لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ہڑتال کی اپیل پر معمولات زندگی مفلوج ہوگئے ۔ سرینگر میں رائے دہی جاری ہے اور ہڑتال کا اثر تعطیل کی وجہ سے ظاہر نہیں ہوسکا ۔ الیکشن کمیشن نے آج رائے دہی کیلئے بااجرت تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔ سرینگر میں دوکانیں ‘ دفاتر ‘ تجارتی ادارے اور پٹرول پمپس بند ہیں ۔ عوامی ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نظر نہیں آرہی ہے ۔ اسی طرح کی اطلاعات وادی کشمیر کے دیگر اضلاع سے بھی وصول ہوئی ہیں ۔ تاہم خانگی کاریں ‘ ٹیکسیاں اور آٹو رکشہ چلتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ حُریت کانفرنس کے دونوں گروپس نے آج عام ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ علحدگی پسندوں کی قیادت پر حکومت کی کارروائی کی اور انتخابات سے پہلے نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے وادی کشمیر میں آج عام ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا ۔ تاہم رائے دہی کے بائیکاٹ کی عوام سے کوئی اپیل نہیں کی گئی۔

سرینگرمیں پتھراؤ کے واقعات، فائرنگ میں نوجوان ہلاک
سرینگر۔30اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک نوجوان ہلاک ہوگیا اور دو دیگر کو زخم آئے جب سیکوریٹی فورسیس نے مبینہ طو رپر فائرنگ کرتے ہوئے سنگباری میں ملوث احتجاجیوں کو آج یہاں سے بھاگنے پر مجبور کیا،جس کے بعد شہر کے حصوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا، پولیس ذرائع نے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے قلبی علاقہ نواکدال میں احتجاج پھوٹ پڑا جب سیکوریٹی فورسیس پولنگ کی ڈیوٹی کے بعد واپس جارہے تھے۔ 24 سالہ بشیربھٹ ہلاک ہوا جبکہ نذیراحمد اور حلیمہ سیکوریٹی فورسیس کی فائرنگ میں زخمی ہوئے۔ علحدگی پسندوں نے آج یہاں پولنگ کے بائیکاٹ کی اپیل کی تھی۔