سری نگر۔2 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بلدیاتی انتخابات میں وادی کشمیر میں سب سے زیادہ 500 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ پارٹی کے مطابق وادی کے 60 میونسپل وارڈوں میں بھاجپا کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے ہیں۔ بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے ترجمان بریگیڈیئر انیل گپتا نے منگل کو یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع پارٹی دفتر پر ایک کانفرنس میں کہا ‘بی جے پی محض ایک ایسی جماعت ہے جس نے وادی کشمیر کے اندر سب سے زیادہ امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں ہمارے 500 امیدوار کھڑے ہیں۔ باقی جماعتوں جن کا کہنا تھا کہ ان کے ریاست کے تینوں خطوں کے اندر ووٹر ہیں، ان کو وہاں پر امیدوار بھی نہیں ملے ۔ 60 میونسپل وارڈوں پر ہمارے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں’۔ بی جے پی ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی کشمیر کے لوگوں نے بی جے پی کا دامن تھام لیا ہے ۔ انہوں نے کہا ‘جنوبی کشمیر جو جنگجویت کا مرکز بنا ہوا ہے ، وہاں پر لوگوں نے بھاجپا کا دامن تھام لیا ہے ۔ ہماری وہاں پر چھ میونسپل کمیٹیز بن گئی ہیں۔ وہاں ہم مزید جگہوں پر ہم اپنا کنول کا پھول کھلائیں گے ‘۔ بریگیڈیئر انیل گپتا نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ بھاجپا کے انتخابی امیدواروں کو معقول سیکورٹی فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہا ‘ہماری انتظامیہ اور گورنر صاحب (ستیہ پال ملک) سے اپیل ہے کہ ہمارے امیدوار جنہوں نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا ہے ، جو قوم اور دیش کے لئے سب کچھ چھوڑ کر آگے آئے ہیں۔ اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے اور جیت بھی گئے ہیں۔ ان امیدواروں کو معقول سیکورٹی دی جانی چاہیے ۔ تاکہ وہ اپنے مقصد کو پورا اور لوگوں کی خدمت کرسکیں’۔