کشمیر میں دوسرے دن بھی کامیاب ہڑتال

سری نگر ، 31اگست (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 35 اے کے خلاف ہورہی مبینہ سازشوں کے خلاف وادی کشمیر کے سبھی دس اضلاع میں جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی فقیدالمثال ہڑتال کی وجہ سے سناٹاچھایا رہا۔یہ ہڑتال سپریم کورٹ میں معاملے کی سماعت جنوری 2019 ء تک ملتوی کئے جانے کے باوجود کی گئی۔ کشمیر انتظامیہ نے سری نگر کے پائین شہر میں سخت ترین پابندیاں نافذ کرکے نوہٹہ میں واقع تاریخی و مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ وادی کے جن علاقوں کو پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا، میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے موقع پر نمازیوں کی جانب سے ریاست کے سٹیٹ سبجیکٹ قانون (دفعہ 35 اے ) کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی۔ بیشتر ضلع، تحصیل اور قصبہ ہیڈکوارٹروں میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد احتجاجی جلوس نکالے گئے جن کے دوران سٹیٹ سبجیکٹ قانون کے حق میں نعرے لگائے گئے ۔ کچھ ایک جگہوں پر احتجاجیوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ ہڑتال کے پیش نظر وادی میں ریل خدمات جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہیں۔