کشمیر میں ایشیا کے سب سے بڑے باغ ’’گلِ لالہ‘‘ کی آج کشادگی

سری نگر31مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں سیاحوں کی تفریح کے مرکز شہرہ آفاق ’ڈل جھیل‘ کے کناروں اور دلکش زبرون پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن (باغ گلِ لالہ ) کو ہفتہ کے روز(یکم اپریل کو) سیاحوں اور عام لوگوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ باغ گل لالہ کی سیر کا ارادہ رکھنے والوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ امسال اس انتہائی خوبصورت باغ میں ’بہارِ کشمیر‘کے تحت15روزہ ’گل لالہ فیسٹول‘کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مختلف نوعیت کے رنگا رنگ پروگرام منعقد ہوں گے ۔ محکمہ باغ بانی کے ڈائریکٹر ایم حسین میر نے یو این آئی کو بتایا کہ یکم اپریل کو سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھولے جانے والے باغ گلِ لالہ میں امسال 48 اقسام کے 15 لاکھ گل لالہ اگائے گئے ہیں۔یہ باغ سیاحوں کی سیر وتفریح کے لئے ایک ماہ تک کھلا رکھا جائے گا۔