سرینگر۔2مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے قائد عمر عبداللہ نے آج سوال کیا کہ کیا چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید اور ان کی دختر محبوبہ مفتی پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائیٹ ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ کیا مفتی نے فیصلہ کرلیا ہے کہ مودی ۔ مفتی معاہدہ ایک غلطی تھی ۔ کیا باپ بیٹی کی جوڑی بی جے پی کو مخلوط حکومت سے ترک تعلق پر مجبور کرنا چاہتے ہیں ‘ تاکہ یہ اتحاد ختم ہوجائے ۔ عمر عبداللہ نے مفتی محمد سعید کی اولین پریس کانفرنس پر جو بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری کے فوری بعد انہوں نے منعقد کی تھی اور پاکستان ‘ علحدگی پسندوں اور عسکریت پسندوں کو جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کے پُرامن اور بلارکاوٹ انعقاد کیلئے ذمہ دار قرار دیا تھا ‘ تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس کا ثبوت ہے ۔