کشمیر سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے مساجد کمیٹیوں سے اپیل

گلبرگہ۔ 25 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب اسد علی انصاری صدر نشین مسلم وقف مشاورتی کمیٹی ،ضلع گلبرگہ نے ایک صحافتی بیان میں برادران و خواتین اسلام سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے حالیہ سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد اور ان کی باز آباد کاری کیلئے ہر ممکنہ مالی مدد کریں ۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس ضمن میں ضلعی مسلم وقف مشاورتی کمیٹی گلبرگہ کی جانب سے وہ تمام برادران اسلام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بہ عجلت ممکنہ اپنے عطیات ضلع وقف مشاورتی کمیٹی ،مدینہ بلڈنگ،مین روڈ گلبرگہ میں جمع کرواکر رسید حاصل کریں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ضلع گلبرگہ کی تمام مساجد کی انتظامی کمیٹیاں یا مساجد کے ذمہ دار حضرات مسجد میں وصول کئے گئے کم از کم ایک جمعہ کے دن کے عطیات ضلعی وقف مشاورتی کمیٹی میں جمع کروادیں۔ جناب اسد علی انصاری نے ضلع گلبرگہ کی نو تعمیر شدہ مساجد کے بارے میں کہا کہ ان میں سے اکثر کا اوقاف میں اندراج نہیں کروایا گیا ہے۔ انھوںنے بتایا کہ اگر مساجد کا ضلعی محکمہ اوقاف میں اندراج کروایا جاتا ہے تو اس صورت میں ان مساجد کو محکمہ اوقاف اور محکمہ اقلیتی بہبود کے علاوہ دیگر اسکیمات سے مالی استحکام حاصل ہوسکتا ہے۔ لہٰذا نئی مسجد کمیٹیوں کے ذمہ داران جلد از جلد اپنی مساجد کا اوقاف میں اندراج کروائیں تو بہتر ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ مساجد کے ائمہ موذنین حضرات کے ہدایہ جات کی ادائیگی کے ضمن میںدوسری سہ ماہی قسط حاصل کرنے کیلئے دفتر ہذا سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے