کشمیر سیلاب متاثرین کیلئے امداد کی روانگی

جگتیال ۔ 25 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مصیبت زدہ اور پریشانی میں ایک دوسرے کے کام آنا انسانی فریضہ ہے ، ان خیالات کا اظہار آر ڈی او جگتیال پدماکر اور سرکل انسپکٹر نریش کمار نے کشمیر سیلاب متاثرین کیلئے نوجوانان جگتیال محمد اکرم ، صلاح الدین ، منا صدر مرکزی اتحاد ملت اسلامیہ نیو جگتیال اور محمد عبدالمجاہد عادل صدر ابوالکلام یوتھ اسوسی ایشن کی قیادت میں شہر جگتیال میں عوام سے وصول شدہ کپڑے اور چاول وغیرہ کی ایک ٹرک پرنس گارڈن سے ہری جھنڈی بتاکر روانہ کرنے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سیلاب سے تباہی اور عوام بے یارو مددگار ہیں ایسے میں ان کی مدد کرنا ہر ایک کا فرض بنتا ہے ۔ نوجوانوں کی جانب سے کشمیر کے پریشان حال عوام کیلئے امداد جمع کرتے ہوئے یہاں روانہ کرنا قابل ستائش اور ایک مثال ہے ۔ چیرپرسن بلدیہ ٹی وجیہ لکشمی اور صدر ملت اسلامیہ ریاض خاں نے بھی مخاطب کرتے ہوئے ستائش کی اور ہر نوجوان سے ایسے کاموں میں آگے آنے کی خواہش کی ۔ جموں و کشمیر کے عوام کے پریشانی میں ہم سب ساتھ ہیں ۔ حافظ سید ابرار شریف نے کشمیر کے عوام اور سارے عالم کیلئے دعا کی ۔ اس موقع پر محمد اکرم جگتیال، محمد اکرم جو ہندوستان کے مختلف ریاستوں کا سیکل پر تقریباً 20 ہزار کیلو میٹر کاد ورہ کرچکے ہیں حالیہ دنوں کشمیر کا دورہ کر کے آئے ہیں جن کی خصوصی دلچسپی سے اس کام کو انجام دیا گیا جس کی تمام نے ستائش کی ۔ انہوں نے جگتیال کے مختلف مدارس اور کالج کے انتظامیہ کو بھی ترغیب دی جس پر مدارس سے کشمیر کے عوام کیلئے کپڑے اور چاول کا عطیہ دیا گیا جبکہ صلاح الدین منا اور محمد عبدالمجاہد عادل نے شہر جگتیال کے مدارس میں اعلانات کرتے ہوئے شہر جگتیال کے مختلف محلہ جات میں گھوم پھر کر کپڑا اور چاول وغیرہ جمع کئے ۔ جگتیال کی عوام نے کپڑا اور چاول کے علاوہ نقد امداد کئے اور اس میں جگتیا ل کے نوجوانوں نے بھی اپنا گرانقدر تعاون پیش کیا ۔ اس موقع پر ریاض الدین ماما ، میر کاظم علی ، باسط خان ، ناہید ، سراج الدین ، وائس چیرمین بلدیہ اور عبدالرحمن عثمانی ، منصور عثمانی ، محمد آصف قادر عادل ، یونس ندیم ، عبدالشکور ، قاضی مظفر علی شاکر اور دیگر موجود تھے ۔ صلاح الدین منا اور عبدالمجاہد عادل نے شہر جگتیال کی عوام اور بالخصوص نوجوانان جس نے اس کار خیر میں حصہ لیا تمام کا شکریہ ادا کیا ۔