کشمیری عوام کی مددکیلئے پاکستان بھر میں مہم

حافظ سعید نے عطیہ اور چرم قربانی کیلئے کیمپس قائم کئے
لاہور ۔ 29اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی دہشت گرد حملہ کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کی زیرقیادت جماعت الدعوۃ نے سارے پاکستان میں کئی نئے محاذ اور کیمپس قائم کئے ہیں جہاں ہندوستان میں کشمیریوں کی مدد کے نام پر عطیہ اور چرم قربانی وصول کرنے کا انتظام ہے ۔تحریک آزادی کشمیر کے بیانرس پر حافظ سعید کا نام اور تصاویر نمایاں کی گئی ہے ۔ یہ کیمپس لاہور کے علاوہ شہرکے دیگر کئی مقامات پر قائم کئے گئے ہیں ۔ اسی طرح جماعت الدعوۃ کی ذیلی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن بھی ملک بھر میں عطیہ جات وصول کررہی ہے تاکہ کشمیری جدوجہد آزادی کی مدد کی جاسکے ۔ ایک بیانر پر یہ تحریر کیا گیا کہ ’’ ایک خاندان کو راشن کیلئے پانچ ہزار اور زخمی شخص کے علاج کیلئے 20ہزار روپئے کی ضرورت ہے ‘‘ ۔ مختلف کیمپس میں بیانرس اور پوسٹرس پر کشمیر کے مہلوکین اور زخمیوں کی تصاویراورنعرے تحریر کئے گئے ہیں ۔ عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ ہندوستانی فورس کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کیلئے عطیہ دیں ۔