سرینگر 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام )وزیر اعظم نریندر مودی نے غیر سرکاری تنظیم کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے کشمیر میں سنگین جسمانی معذوری کی مختلف نوعیتوں سے متاثر 1300 افراد کو مصنوعی اعضاء اور نقل و حرکت کیلئے امدادی ذرائع فراہم کرنے کی کوشش کی ستائش کی ۔ مودی نے اپنے مکتوب میں کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ ومیر اعظم کے راحت رسانی فنڈ سے ریاستی حکومت اور بھگوان مہاویر وکلانگ سہائتہ سمیتی جئے پور نے 1300 افراد کو مصنوعی پیر اور دیگر اعضاء کے علاوہ نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے والے آلات سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایک خصوصی کیمپ میں 1300 جسمانی معذوروں کو جموں و کشمیر میں مصنوعی اعضاء اور امدادی آلات فراہم کئے گئے ۔ مودی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ کوشش قابل لحاظ حد تک ان کے مصائب دور کرے گی اور انہیں مشکلات پر قابو پانے میں مدد دے گی۔انہوں نے کہا کہ معذور افراد اور اُن کے ارکان خاندان سماج میں بڑی حد تک عظیم تر وقار کے ساتھ زندگی گذار سکیں گے ۔