کشمیر:بی جے پی یوتھ ضلع صدر سپرد لحد پارٹی ہائی کمان کا اظہار رنج وغم

سری نگر، 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے یوتھ ضلع صدر شوپیان گوہر احمد بٹ کو جمعہ کی صبح اپنے آبائی گاؤں بونہ گام میں سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں سپرد لحد کردیا گیا۔ اس موقع پر ان کے اہل خانہ، عزیز و اقارب کو روتے بلکتے دیکھا گیا۔ گوہر احمد کی گلا کٹی ہوئی لاش جمعرات کی شام شوپیان کے کلورہ میں ایک میوہ باغ میں پائی گئی تھی۔ ریاست پولیس نے گوہر کی ہلاکت کے لئے جنگجوؤں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔جنوبی کشمیر رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نے گذشتہ شام مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘شوپیان میں جنگجوؤں نے گوہر احمد نامی ایک عام شہری کو جاں بحق کیا۔ جموں وکشمیر پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے ‘۔ بی جے پی ہائی کمان نے گوہر احمد کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ پارٹی کے قومی صدر امت شاہ نے گذشتہ رات سلسلہ وار ٹویٹس میں گوہر کی ہلاکت کی مذمت کی۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ‘شوپیان میں بی جے پی ضلع صدر گوہر احمد کی سفاکانہ ہلاکت کے بارے میں جان کر انتہائی دکھی ہوا ہوں۔ میں سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔