کشائی گوڑہ ڈپو کی بس کو نامعلوم افراد نے آگ لگادی

حیدرآباد ۔ 10؍ مئی (سیاست نیوز) ای سی آئی ایل بس ٹرمنل پر پارک آر ٹی سی بس کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی ۔ کشائی گوڑہ ڈپو کی بس نے AP11Z-2671 جو روٹ 16 پر چلائی جاتی ہے آج شام کشائی گوڑہ ڈپو سے سفر کا آغاز کیا تھا ۔ ٹرمنل پر بس ڈرائیور نے چائے پینے سے بس روکی تھی کہ نامعلوم افراد نے اسے آگ لگا دی ۔ چوکس ڈرائیور نے مقامی پولیس کو اطلاع دی اور فائر انجن عملہ کو طلب کرلیا گیا ۔ کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا گیا ۔ کشائی گوڑہ بس ڈپو منیجر مسٹر راگھوناتھ نے بتایا کہ بس کو جزوی نقصان پہنچا ۔آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے پیش نظر واقعہ اہمیت کا حامل ہے اور پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔