کشائی گوڑہ میں ترکاری فروش کی فائرنگ

مخالف کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام۔ ہتھیار کے ساتھ گرفتار
حیدرآباد /26 جنوری ( سیاست نیوز ) کشائی گوڑہ علاقہ میں ترکاری فروش کی جانب سے ہوائی فائرنگ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس نے 52 سالہ گجراج سنگھ کو جس کا تعلق اترپردیش سے بتایا جاتا ہے ‘فی الفوری گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ہتھیار برآمد کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب چرلہ پلی ای سی نگر میں آج دو گروپس کے درمیان ترکاری کے کاروبار کے مسئلہ پر جھگڑا شروع ہوا جس کے نتیجہ میں گجراج سنگھ نے ہوا میں فائرنگ کی اور اپنے مخالف ڈی تلسی بابو پر فائرنگ کی کوشش کی تاہم پولیس کانسٹیبل چکراپانی ریڈی نے گجراج کے قبضہ سے ہتھیار چھین لیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ملکاجگیری مسٹر سی ایچ آر اوما مہیشور شرما نے بتایا کہ گجراج سنگھ اترپردیش کا متوطن ہے اور آج شام دونوں گروپس کے درمیان کاروبار کے مسئلہ پر جھڑپ ہوگئی اور وہاں پر حالات کشیدہ ہوگئے ۔ اس جھگڑے کے بعد گجراج سنگھ ‘ تلسی داس پر فائرنگ کر رہا تھا کہ پولیس کانسٹیبل چکراپانی ریڈی نے مداخلت کرتے ہوئے ہتھیار چھین لیا اور اسے حراست میں لے لیا ۔ اس جھڑپ میں دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ اس واقعہ کے بعد پولیس فورس کو علاقہ میں متعین کردیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گجراج سنگھ نے بغیر لائیسنس کے ریوالور کا استعمال کیا ہے اور اس کے قبضہ سے ہتھیار اور چار کارتوس بھی برآمد کرلئے گئے ہیں ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھاگوت نے کانسٹیبل چکراپانی ریڈی کی بروقت کارروائی پر ایک شخص کی جان بچنے کے نتیجہ میں اسے 10 ہزار روپئے کے نقد انعام کا اعلان کیا ۔