کشائی گوڑہ اور چلکل گوڑہ میں دو افراد کی خودکشی

حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) کشائی گوڑہ اور چلکل گوڑہ حدود میں پیش آئے دوعلحدہ واقعات میں دو افراد نے خودکشی کرلی جن کی بیویوں نے گھر چھوڑ دیا تھا ۔ کشائی گوڑۃ پولیس کے مطابق 38 سالہ دیویندر جو پیشہ سے مزدور تھا کثرت سے شراب کے نشہ کا عادی تھا جو علاقہ مولا علی میں رہتا تھا ۔ کل اس کی بیوی نے جھگڑا کرنے کے بعد اس کا گھر چھوڑ دیا تھا اور پڑوس میں موجود اپنے بھائی کے مکان چلی گئی تھی جب اس خاتون نے صبح دیکھا تو اس کے شوہر دیویندر نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی تھی ۔ چلکل گوڑہ پولیس کے مطابق 30 سالہ پی نرسنگ جو پیشہ سے سینٹرنگ کا مزدور تھا ارسی گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ اس نے 18 اپریل کے دن اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی تھی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ نرسنگ کی بیوی جھگڑا کرنے کے بعد مائیکے چلی گئی تھی اور وہ تنہا تھا ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس نے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔