کسی لالچ کے بغیر ووٹ کے استعمال کا مشورہ

محبوب نگر میں شعور بیداری پروگرام سے یو پی کے چیف الیکشن آفیسر کا خطاب

محبوب نگر ۔ 18 ؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صرف میرے ایک ووٹ سے کیا فرق پڑنے والا ہے ‘ اس خیال سے ووٹرس رائے دہی سے دور نہ رہیں میں میرا ووٹ استعمال کروں گا ۔ یہ عزم تمام ووٹرس میںہونا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز ضلع پریشد گراؤنڈ میںمنعقدہ’’ ووٹ شعور بیداری پروگرام‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے اترپردیش کے چیف الیکشن آفیسر ایل وینکٹیشورلو نے کیا ۔ انہوں نے نوجوانوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شعور بیداری پروگرام میں غیرمعمولی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ انہوں نے ضلع کلکٹر رونالڈ روز کی بھی سراہنا کی کہ وہ اپنا فرض بھرپور ادا کر رہے ہیں اور ضلع میں مہم چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے ووٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ ایمانداری کے ساتھ ووٹ استعمال کریں ۔ مذہب ‘ گروپ‘ فرقہ کے نام پر ووٹ کا استعمال جمہوریت کے لئے سنگین خطرہ ہے ۔ ووٹر کو چاہئے کہ وہ انسانی جذبہ کے تحت کسی لالچ میں آئے بغیر ووٹ استعمال کریں ۔ رقم اور شراب کے جھانسے میں نہ آئیں ۔ ایک سچے خدمت گذار کا انتخاب کریں اسی میں آپ کی بھلائی ہے ۔ ضلع کلکٹر رونالڈوز نے کہا کہ ہمارا مستقبل ہمارے ہاتھوں میں ہے کہ خیال کے ساتھ ووٹ کا استعمال کریں ۔ انہوں نے ضلع محبوب نگر کے گذشتہ انتخابی رائے دیہی کے فیصد پر تشویش ظاہر کی جو کہ 67% رہا ۔ انہوں نے کہاکہ باقی 33% ووٹرس رائے دہی کے دن کو تعطیل تصور کرتے ہوئے ووٹنگ سے دور رہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ دیہی علاقوں میں شعور بیداری مہم چلائیں ۔ ضلع ایس پی ریماراجیشوری نے کہا کہ پولیس اور ریونیو محکمہ جات کے اشتراک اور تعاون سے ضلع بھر میں شعور بیداری پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر دیہی شعور بیداری کے تعلق سے تحریری ‘ تقریری و دیگر مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرنے والے میں یو پی کے چیف الیکشن آفیسر کے ہاتھوں انعامات تقسیم کے گئے ۔ اس موقع پر جوائنٹ وینکٹ راؤ ‘ ای او سومی ریڈی و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔