کسی بھی انقلاب کے پس پردہ طلبہ کا کلیدی رول

سنگاریڈی /3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گورنمنٹ ڈگری کالج وومنس سنگاریڈی کی طالبات کی جانب سے تقریب عید ملاپ و تقسیم انعامات کا انعقاد کالج کے اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم میں محترمہ پی کلیانی پرنسپل کاج کی زیر صدارت منعقد ہوئی ۔ جس میں مسٹر چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی جناب محمد اطہر منیجنگ ڈائرکٹر ویژن کنسٹرکشن حیدرآباد بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ جناب محمد جلیل الدین بابا سابق وائس چیرمین بلدیہ جناب محمد یعقوب علی رکن بلدیہ جناب سید شاہنواز اور جناب ایم اے قادر فیصل سکریٹری کالج ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ کمیٹی نے بطور مہمان اعزازی شرکت کی ۔ محترمہ سمیرا نازنین لکچرر پولیٹیکل سائنس محترمہ ناہیدہ بیگم لکچرر اردو نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ مسٹر چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی نے کہا کہ دنیا میں کہیں پر بھی تبدیلی اور انقلاب کے پس پردہ نوجوان بالخصوص طلباء کی طاقت ہوئی ہے ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک میں بھی طلباء نے کلیدی رول ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے گلدستہ کے مانند ہے اور طالبات کی جانب سے عید ملاپ پروگرام کا انعقاد قومی یکجہتی ، آپسی بھائی چارگی اور رواداری کو پروان چڑھانے کی ایک موثر کوشش ہے ۔ اسکولس و کالجس میں اس طرح کی تقاریب کے انعقاد سے طلباء میں سیکولرازم کا جذبہ فروغ پاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی بنیاد نئی نسل ہے ان کی بہترین تعلیم و تربیت اخلاق و کردار اور سیکولر اقدار پر عملی طور پر کاربند ہونے سے ملک کا مستقبل مزید روشن و تابناک ہوگا ۔ انہوں نیکہا کہ کالج کے مسائل پر وہ جاریہ ماہ کی 20 تاریخ کے بعد اجلاس منعقد کریں گے ۔ جناب محمد اطہر منیجنگ ڈائرکٹر ویژن کنسٹرکشن حیدرآباد نے کہا کہ ان کا شخصی مشاہدہ ہے کہ دنیا کے نامور اور کامیاب ترین افراد کارپوریٹ اسکولس یا کالجس سے نہیں بلکہ سرکاری اسکولس و کالجس سے فارغ التحصیل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں تعلیم کو صرف دولت کمانے اور نوکری حاصل کرنے کا ذریعہ سمجھا جارہا ہے جوکہ غلط ہے ۔ تعلیم انسان کو اچھے اور برے کی تمیز سکھلاتی ہے ۔ جہالت کو دور کرتی ہے ، سماجی برائیوں کا خاتمہ کرتی ہے ۔ تعلیم کو کمرشیل پیشہ بنانے کی وجہ سے کئی ایک مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک جیسے چین ، جاپان ، فرانس ، ترکی ، جرمنی وغیرہ میں دسویں جماعت تک اپنی مادری زبان میں تعلیم کا حصول لازمی ہے تاکہ بچوں کو سبجکٹ پر عبور حاصل ہو لیکن ہمارے ملک میں مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا معیوب سمجھا جاتا ہے جوکہ بالکل غلط ہے ۔ انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج وومنٹس سنگاریڈی کے اردو میڈیم سیکشن سے تاحال 100 سے زائد مسلم لڑکیوں کے گریجویشن کامیاب کرنے پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اردو میڈیم طالبات کی تعلیمی ترقی کیلئے ممکنہ تعاون کرنے کا اعلان کیا اور بہترین نتائج حاصل کرنے پر اساتذہ کو مبارکباد دی ۔ جناب محمد یعقوب علی رکن بلدیہ نے کہا کہ ڈگری کالج ان کے حلقہ میں آتا ہے ۔ چنانچہ بلدیہ کے تحت جتنے بھی مسائل ہیں اس کی فوری یکسوئی کروائیں گے اور کالج کو اندرون تین یوم مانجرا پینے کے پانی کا کنکشن فراہم کریں گے ۔ جناب ایم اے قادر فیصل سکریٹری سی پی ڈی سی نے ڈگری کالج میں اردو میڈیم سیکشن کے قیام سے متعلق تفصیلات بیان کیں اور بتایا کہ گذشتہ 7 سال سے اردو میڈیم سیکشن کے نتائج 80 تا 95 فیصد ہیں جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے ڈگری کالج میں بی ایس سی اردو میڈیم ، ایم اے اکنامکس اردو میڈیم کورس کی حکومت سے منظوری حاصل کرنے کی تجویز کا بھی تذکرہ کیا ۔ محترمہ کلیانی پرنسپل کالج نے اپنے خطاب میں کہا کہ کالج میں طالبات کو صرف تعلیم کے حصول تک محدود نہیں رکھا گیا ۔ بلکہ ان کی ہمہ گیر شخصیت سازی پر بھی توجہ دی جاتی ہے ۔ انہوں نے عید ملاپ کے انعقاد پر خوشنودی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید ملاپ کالج کی روایت بن چکی ہے ۔ نعتیہ ، تحریری ، تقریری مہندی ڈیزائننگ اور دیگر مقابلے جات میں کامیاب طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ طالبات نے شیرخورمہ کے ذریعہ تمام شرکائے جلسہ کی ضیافت کی اس موقع پر محترمہ ہاجرہ بیگم لکچرر ہسٹری جناب محمد لیم الدین لکچرر اکنامکس کے علاوہ دیگر لکچررس اور آفس اسٹاف نے شرکت کی ۔ تقریب میں اردو و تلگو میڈیم کی طالبات نے تہذیب و ثقافت مظاہرے پیش کئے ۔