سنگاریڈی میں جلسہ ، ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کا خطاب
سنگاریڈی /7 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مشن کاکتیہ پروگرام کے تحت محکمہ پولیس ضلع میدک کے زیر اہتمام حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے موضع کندی کے کسان نگر تالاب کی صاف صفائی کے کاموں کا بی سومتی ایس پی میدک نے ریاستی وزیر آبپاشی ہریش راؤ ، چنتاپربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی ، راہول بوجا کلکٹر ضلع میدک کے ہمراہ آغاز کیا ۔ اس موقع پر منعقدہ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ وزیر آبپاشی نے کہا کہ تالابوں میں پانی ذخیرہ اندوز ہوگا جس سے کسان برادری کاشت کاری میں خاطر خواہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں ۔ سنگاریڈی کے موضع کندی کے کسان نگر تالاب کی ترقی ، تعمیر و مرمت کیلئے 50 لاکھ روپئے منظور کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ سنگاریڈی قومی شاہراہ کی ایک جانب آئی آئی ٹی تو دوسری جانب کسان نگر تالاب اور ڈسٹرکٹ جیل عمارت ہے ۔ چنانچہ مذکورہ تالاب کو منی ٹینک بنڈ طرز پر ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ جس کے بعد کسان نگر تالاب ایک بہترین سیاحتی مرکز بن جائے گا ۔ ضلع میں شی ٹیم کے ذریعہ خواتین کی حفاظت کے اقدامات اور قومی شاہراہوں پر سی سی کیمروں کی تنصیب بی سومتی ضلع ایس پی کے زیر نگرانی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ ایس پی سومتی نے کہا کہ کسان نگر تالاب کی صفائی کے بعد بارش میں یہ تالاب پانی سے لبریز ہوجائے گا اور اس کے پانی سے کسانوں کے دیگر مواضعات کے تالابوں میں پانی ذخیرہ اندوز ہوگا ۔ چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی نے کہا کہ مشن کاکتیہ پروگرام کے تحت حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں تالاب و کنٹوں کی صفائی تیزی سے جاری ہے ۔ ضلع کلکٹر راہول بوجا نے کہا کہ ضلع میدک میں تالابوں کی صفائی کے کاموں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ تالابوں میں پانی ذخیرہ اندوز ہوسکے اور زیر زمین سطح آب میں اضافہ ہوسکے ۔ اس موقع پر رویندر ریڈی اڈیشنل ایس پی ، جیوتی پرکاش اور ایس ڈی ترپت انا ڈی ایس پی کشن راؤ ڈی ایس پی ، انجینیلو اور وینکٹیش سرکل انسپکٹرس ، محمد جلیل الدین بابا ، سرینواس چاری و دیگر موجود تھے ۔