کسان ‘ سدا رامیا کو ووٹ نہیں دینگے

اجلاس میں فیصلہ ۔ کسانوں کے لیڈر شانتا کمار کا دعویٰ
میسورو29اپریل(سیاست ڈاٹ کام)کسانوں کے لیڈر شانتا کمار نے کہا کہ کسانوں نے بہ اتفاق آرا فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعلی سدارمیا اور وزیر ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا کو بالترتیب چامندیشوری اور ٹی نرسی پورا حلقوں سے شکست دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ ٹی نرسی پور،وروما اور چامندیشوری حلقوں کے کسانوں کا ایک اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں یہ فیصلہ کیاگیا۔کمار نے کہا ”کسانوں نے وزیراعلی سدارمیا کو چامندیشوری اور مہادیوپا کو ٹی نرسی پورحلقوں سے شکست دینے کافیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے امیدوار کی حمایت کی جائے گی جو کسانوں کے منشور پر عمل کرے ۔موجودہ جے ڈی ایس کے رکن اسمبلی جی ٹی دیوے گوڑا اور ورونا حلقہ کے جے ڈی ایس امیدوار ابھشیک کسانوں کے اس اجلاس میں موجود تھے تاکہ حمایت حاصل کی جاسکے ۔جے ڈی ایس کے ریاستی صدر ایچ ڈی کماراسوامی نے شانتاکمار سے فون پر بات کرتے ہوئے جے ڈی ایس کی حمایت کرنے کی خواہش کی ۔انہوں نے اعلان کیا کہ تین مئی کو وزیراعلی کے خلاف بیداری ریلی نکالی جائے گی جبکہ چار مئی کو ٹی نرسی پور حلقہ میں یہ ریلی مہادیوپا کے خلاف نکالی جائے گی۔