نئی دہلی 30 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) طویل تعطیلات گذار رہے راہول گاندھی آئندہ ماہ دوبارہ سرگرم ہوجائیں گے اور نریندر مودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ حصول اراضیات آرڈیننس کے خلاف 19 اپریل کو منعقد ہونے والی کسان ریلی میں شرکت کرینگے ۔ اس ریلی کو اس لئے اہمیت حاصل ہے کیونکہ اسی وقت پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا سشن منعقد ہونے والا ہے جبکہ تقریبا تمام تر اپوزیشن جماعتیں اس آرڈیننس کے خلاف متحد ہوگئی ہیں اور ان کا الزام ہے کہ یہ آرڈیننس مخالف کسان اور موافق کارپوریٹ ہے ۔ امکان ہے کہ ملک بھر سے لاکھوں کسان اس ریلی میں شرکت کرینگے جو تاریخی رام لیلا گراونڈ پر منعقد ہونے والی ہے ۔ کانگریس پارٹی اس مسئلہ پر ملک بھر کے کسانوں میں پائے جانے والے احساسات کو اجاگر کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر اس ریلی کے انعقاد کیلئے کوشاں ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس سے قبل پارٹی جنرل سکریٹریز ‘ پی سی سی صدور اور سی ایل پی لیڈرس کا ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس کی صدارت پارٹی کے سینئر لیڈر اے کے انٹونی نے کی ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے بتایا کہ لاکھوں کی تعداد میں کسان اس ریلی میں شرکت کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ پارٹی نے پہلے 12 اپریل کو رام لیلا میدان کا اجازت نامہ حاصل کیا تھا تاہم بعد میں اسے ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔