بھینسہ 2 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جاریہ سال ریاست میں ناکافی بارش کے سبب فصلوں کو کافی نقصان ہوا جس کی وجہ سے ریاست کے کئی کسان فصلوں کو نقصان ہونے وجہ سے قرض کے بوجھ کی وجہ سے اقدام خودکشی کررہے ہیں جوکہ اس مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر جنگلات و ماحولیات جوگورامنا نے بھینسہ آئی بی گیسٹ ہاؤز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ بے حد سنجیدہ ہیں اور کسانوں کی خودکشی کو روکنے کے اقدامات اور قرض کی معافی کے تعلق سے غور و فکر کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے جاریہ سال کسانوں کے قرض کو 50 فیصد معاف کرتے ہوئے بینک سبسیڈی ادا کی ہے اور مزید قرض کی معافی کو یقینی بنانے اور کسانوں کو دیگر سہولیات فراہم کرتے ہوئے روشن مستقبل کے لئے اقدام کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے ریاست کے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ فصلوں کو نقصان ہونے اور قرض کے بوجھ کی وجہ سے کوئی بھی کسان خودکشی نہ کرے کیوں کہ خودکشی مسئلہ کا حل نہیں ہے بلکہ تلنگانہ کے کسان تلنگانہ حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے حکومت پر بھروسہ کرے تاکہ چیف منسٹر تلنگانہ کے خواب سنہرہ تلنگانہ کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر ضلع عادل آباد ایم پی جی ناگیش، رکن اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی کے علاوہ مقامی ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔ بعدازاں ریاستی وزیر کے ہمراہ ان قائدین نے گاندھی گنج ہونچ کر بابائے قوم گاندھی جی کی یوم پیدائش پر ان کے مجسمہ کو پھول مالا ڈالتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ بعدازاں ان قائدین نے بھینسہ شہر کے ٹی آر ایس دلت قائد آنجہانی منیشور آگرے کی قیامگاہ پہونچ کر اُن کی موت پر افراد خاندان کو پرسہ دیا۔