لکھنؤ 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور کانگریس ارکان نے آج اسمبلی سے یہ کہہ کر احتجاجی واک آؤٹ کیاکہ حکومت اترپردیش بندیل کھنڈ کے کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سنجیدہ نہیں ہے جبکہ حکومت کا ادعا ہے کہ بندیل کھنڈ میں کسانوں کی خودکشی کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران کابینی وزیر شیوپال یادو نے ایوان کو بتایا کہ حکومت کو ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ بندیل کھنڈ میں قرض کے بوجھ سے کسان خودکشی کررہے ہیں۔ حکومت نے سخت ہدایت جاری کی ہے کہ کسانوں کو کسی بھی طرح ہراساں نہ کیا جائے۔ مسٹر یادو بی جے پی رکن سادھوی نرنجن جیوتی کی جانب سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے جہاں یہ کہا گیا تھا کہ قرضوں کے بوجھ تلے کسان خودکشی کررہے ہیں۔
سرینگر ۔ مظفرآباد لائن آف کنٹرول پر تجارتی سرگرمیاں بحال
سرینگر ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سرینگر ۔ مظفرآباد روڈ پر تقریباً 5 ہفتوں کے بعد لائن آف کنٹرول پر تجارتی سرگرمیاں آج بحال ہوگئیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کشمیر کی دونوں طرف سرینگر ۔ مظفرآباد روڈ پر تجارتی سرگرمیوں کا اس وقت آغاز ہوا جب فریقین کے مابین پیر کو ایک معاہدہ طئے پایا۔ انہوں نے بتایا کہ ضروری اشیاء سے لدے 22 ٹرکس آج کشمیر سے پاکستان مقبوضہ کشمیر کو روانہ ہوگئے۔ پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے حکام نے 17 جنوری کو لائن آف کنٹرول پر تجارتی سرگرمیاں معطل کردی تھیں۔ مظفرآباد سے آرہے ایک ٹرک ڈرائیور کے پاس سے 114 براون شوگر کے پاکٹس کی دستیابی پر بطور احتجاج پاکستانی مقبوضہ کشمیر حکام نے یہ کارروائی کی تھی۔