مٹ پلی میں سابق رکن اسمبلی کومو ریڈی راملو کا کارکنوں سے خطاب
مٹ پلی۔/10مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ابراہیم پٹنم منڈل میں کانگریس پارٹی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم ایل اے مٹ پلی جناب کومو ریڈی راملو نے کہا کہ پارلیمنٹ کے امور کے پیش نظر راہول گاندھی اس ماہ کی 12تاریخ کے بجائے 15تاریخ کو عادل آباد ضلع مقام لکشمن چاندہ سے کسانوں کے مسائل کی جانکاری کیلئے پدیاترا شروع کررہے ہیں۔ یہ پدیاترا صبح 7بجے شروع ہوگی۔ اس ضمن میں انہوں نے پارٹی ورکرس سے خواہش کی ہے کہ وہ علی الصبح 5:30 بجے عادل آباد ضلع لکشمن چاندہ پہنچ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورٹلہ اسمبلی حلقہ سے تقریباً 10ہزار پارٹی ورکرس اکٹھا ہورہے ہیں۔ اس خصوص میں کورٹلہ منڈل کیلئے سابق ایم ایل اے مٹ پلی محترمہ کومو ریڈی جیوتکا ، ملاپور منڈل سے کانگریس پارٹی او بی سی سیل ریاستی کنوینر کومو ریڈی وجئے آزاد اور ابراہیم پٹنم منڈل کیلئے خود کومو ریڈی راملو پارٹی ورکرس کو اکٹھا کرنے کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی پہلی مرتبہ پسماندہ ضلع عادل آباد سے سہ روزہ پدیاترا شروع کررہے ہیں۔ دوسری مرتبہ پدیاترا کورٹلہ اسمبلی حلقہ سے شروع کریں گے۔ مرکز میں این ڈی اے حکومت اور ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کسانوں کے مسائل کی یکسوئی میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اس پدیاترا کے موقع پر متیم پیٹ گنا کسانوں سے ملاقات کریں گے۔ اور ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے حکمت عملی ترتیب دیں گے۔ متعلقہ عہدیداران متیم پیٹ گنا کسانوں کو بقایا جات بلز کی ادائیگی کیلئے دیئے گئے تیقن سے کنارہ کشی اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مشن کاکتیہ میں جو تالاب شامل ہیں ان تالابوں کو پینے کے پانی کی سہولت کیلئے ایس آر ایس سی کنال سے پانی چھوڑا جائے تاکہ علاقہ میں زیر زمین پانی کی سطح برقرار رہے۔ اس موقع پر مقامی سرپنچ جنگا سوامی، سابق زیڈ پی ٹی سی کوکو پرشوتم ، سابق کوآپشن ممبر مادانا کورتی، بھومنا، کوٹم رمیش، گنگاریڈی، اے سدرشنم، لکشمی نرسوا اور دیگر موجود تھے۔