کسانوں کے مسئلہ پر اپوزیشن کی اوچھی سیاست

سوریا پیٹ میں ترقیاتی پروگراموں سے ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کا خطاب
سوریاپیٹ /30 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیر برقی تلنگانہ و رکن ا سمبلی سوریا پیٹ جی جگدیش ریڈی نے کل مصروف ترین دورہ کیا ۔ انہو ںنے اپنے دورہ میں حیوانات کے ہسپتال اور بی سی ہاسٹل کا بھی افتتاح انجام دیا ۔ جگدیش ریڈی نے اس موقع پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے مختلف فلاحی اور ترقیاتی اقدامات اور کارناموں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سال کے بعد کسانوں کو 9 گھنٹے مفت برقی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کسانوں کے مسئلہ پر اپوزیشن کانگریس و ٹی ڈی پی قائدین کے بیانات کو گمراہ کن قرار دیا اور کہا کہ اس مسئلہ پر اوچھی سیاست کر رہے ہیں ۔ انہوں نے تلگودیشم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم کے جو قائدین ، کسانوں کے ساتھ جھوٹی ہمدردی جتارہے ہیں انہیں اپنے گریبانوں میں جھانک کر دیکھنا چاہئے کہ کسانوں کی سب سے زیادہ اموات سربراہ تلگودیشم نائیڈو کے دور اقتدار میں ہوئی ہیں ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ تعمیری رول ادا کریں ۔ اس مسئلہ پر گندی سیاست نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے ہر بچہ کو تعلیم یافتہ بنانا چاہتی ہے ۔ اسی لئے اس سلسلہ میں بے شمار اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ نیز کے جی تا پی جی مفت تعلیمی منصوبہ بندی جاری ہے ۔

نابینا افراد میں وظائف کی تقسیم
کرنول /30 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ضلع کرنول حج سوسائٹی کے صدر نور احمد خان نے ضلع کرنول کے مسلم نابینا افراد میں فی ماہ 500 روپئے وظیفہ دینے کیلئے نوراں ویلفیر فائونڈیشن فار بلنڈ تقسیم کاافتتاح کیا۔ اس تنظیم کی جانب سے ایک ماہ قبل ضلع بھر میں اطلاع دی گئی تھی کہ دونوں آنکھوں کے نابینا افراد میں فائونڈیشن کی جانب سے 5سو روپئے ماہانہ پنشن دی جائے گی۔ جس کے مطابق آج شہر ایڈن گارڈن فنکشن ہال، میں شہر ادونی ، گونیگنڈلہ ، آتماکور، نندیال کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے نابینا افراد میں پنشن کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے والے مولانا محمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی جانب سے جو قدم اُٹھایا گیا ہے ۔ وہ واقع قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر ادونی شہر سے تعلق رکھنے والے مولانا مستاق احمد ، سوداگر یٰسین باشاہ ،مظہر احمد وغیرہ نے محمد نور احمد صاحب کی جم کر ستائش کی۔ اس موقع پر کل 32نابینا افراد نے 500 روپئے کے حساب سے وظیفہ حاصل کیا۔