کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا مطالبہ

آرمور 19 سپٹمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت تلنگانہ انتخابات میں کئے ہوئے وعدے کے مطابق تمام کسانوں کے قرضہ جات بغیر کسی شرط کے معاف کرے۔ ان خیالات کا اظہار تلگودیشم حلقہ انچارج بھیمگل ملیکارجن ریڈی نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت انتخابات میں کئے گئے وعدوں سے منحرف ہوتے ہوئے تمام کسانوں کو اندرون ایک لاکھ روپئے معاف کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے اور اس کیلئے غیر ضروری شرائط لاگو کررہی ہے۔ ملیکارجن ریڈی فرزند سابق رکن اسمبلی آرمور اناپورنما نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ بغیر کسی شرط کے کسانوں کے قرضہ جات معاف کرے۔ اس کے علاوہ بارش نہ ہونے پر پریشان کسانوں کی مدد کرے۔ اس موقع پر تلگودیشم منڈل صدر گنگا گوڑ، تلگودیشم قائدین عبدالحکیم، لمبادری، سنگیا نائک و دیگر نے شرکت کی۔