کسانوں کی خود کشی سے متعلق وزیر زراعت کا ریمارک بدبختانہ:وینکیا نائیڈو

بنگلور26جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مرکزی وزیر پارلیمانی امور مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے آج اس بات کا اعتراف کیا کہ مرکزی وزیر زراعت مسٹر رادھے رام سنگھ کے خود کشی کرنے  والے کسانوںکے متعلق کیے گئے ریمارک کو سخت اور بدبختانہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے قابل اعتراض ریمارک کیا تھا۔کل مسٹر سنگھ نے پارلیمنٹ میں کسانوں کی خود کشی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر  بات کرتے ہوئے یہ نازیبا تبصرہ کیا تھا۔میڈیا کے ارکان کے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میں نے ان کے بیان کا متن پڑھا ہے اور یہ متن ایک کابینہ درجے کے وزیر کے شایان شان نہیں ہے۔انھیں ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا۔انھوں نے کہا کہ نیشنل کرایم ریکارڈ بیوریو نے خود کشی کے تمام معاملات کو مکس اپ کیا تھا اور وزیر کا بیان اسی کی بنیاد پر تھا۔کل مسٹر سنگھ نے کسانوں کی خود کشی کے سوال کے جواب میں اپنے بیان اور جواب میں کہا تھا کہ خود کشی کے واقعات کا اصل سبب کسانوں میں جنسی بے راہ روی،حوصلہ کی کمی،پیار محبت کے ناجائز تعلقات اور جہیز اور اس کے انتظامات سب سے بڑی وجوہات ہیں۔جس کے سبب ملک میں کسانوں میں خود کشی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔مسٹر نائیڈو نے کہا کہ یہ بیان مکمل طور پر قابل اعتراض ہے اور ایک وزیر کو ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا میں نے ان سے کل بات بھی کی تھی اور انھوں نے اس تعلق سے اپنے موقف اور بیان کی وضاحت بھی کی تھی۔