کسانوں کی ترقی کیلئے حکومت پابند عہد

سنگاریڈی میں وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا خطاب
سنگاریڈی /30 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیر آبپاشی ریاست تلنگانہ مسٹر ہریش راؤ نے جدید کلکٹریٹ کامپلکس میٹنگ ہال سنگاریڈی میں ضلع کلکٹر میدک راہول بوجا اور رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتا پربھاکر کے ہمراہ آئی آئی ٹی کالج موضع کندی کی تعمیر کے ضمن میں 20 اراضی متاثرین میں رہائشی پلاٹس کے سرٹیفکیٹس اور سنگور پائپ لائین کی تنصیب کے ضمن میں 47 اراضی متاثرین میں 56.37 لاکھ روپئے کے چیکس تقسیم کئے ۔ اس موقع پر ہریش راؤ وزیر آبپاشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ کسانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے پابند عہد ہے ۔ ضلع میدک کے کسانوں کے بینک کھاتوں میں قرض معافی اسکیم کے تحت اب تک 499 کروڑ روپئے جمع کئے جاچکے ہیں اور 700 کروڑ روپئے کے مزید اور قرضہ جات بھی کسانوں کیلئے منظور کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ دھان ، مکئی اور کپاس کیلئے خریدی مراکز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ ضلع میدک میں خریدی مراکز پر حاصل کئے گئے جوار اور مکئی کی رقم اندرون 72 گھنٹے کسانوں کو آن لائین ادا کردی جائے گی ۔ ریاستی وزیر آبپاشی نے کہا کہ تالابوں اور کنٹوں کی تعمیر و مرمت کے اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔ شیڈنٹ اسکیم کے تحت ترکاریوں کی کاشت کیلئے 280 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ ضلع کلکٹر میدک راہول بوجا نے کہا کہ ضلع میدک میں فوڈ سیکوریٹی کارڈس کیلئے 8 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ اب تک 50 فیصد درخواستوں کی تنقیح کا کام مکمل ہوچکا ہے اور وظائف کیلئے 4 لاکھ سے زائدد رخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ ان کی تنقیح کا کام جاری ہے جو یکم نومبر تک مکمل کرلیا جائے گا اور 8 نومبر کو مستحق افراد میں وظائف تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکوریٹی کارڈس اور وظائف کیلئے مستحق افراد کبھی کبھی اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے ۔ اس موقع پر راجمنی چیرمین ضلع پریشد ، بی بی پاٹل رکن پارلیمان میدک ، سدھاکر ریڈی ایم ایل سی ، رکن اسمبلی اندول بابو موہن ، ڈاکٹر شرتھ ضلع جوائنٹ کلکٹر مورتی اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر و دیگر موجود تھے ۔