کریم نگر ۔ 4 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس حکومت کسانوں کی ترقی کی طرف اولین توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے زرعی مارکٹ کمیٹی کریم نگر کے احاطہ میںنوتعمیر شدہ دفتر کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔ بعدازاں انہوں نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی ضروریات کی فراہمی کے تحت مارکٹ کمیٹی میں گوداموں کی تعمیر کی گئی ہے۔ ضلع میں کسانوں کو ان کے قریبی مقامات سے ہی خریدی کیلئے 600 مقامات پر دھان کی خریدی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ زرعی پیداوار کی مناسب امدادی قیمت ادا کی جارہی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کا حکومت پر الزام عائد کیا اور کہا کہ آندھرائی علاقوں میں آفات سماوی سے متاثرہ کسانوں کو حکومت نے مناسب امداد فراہم کی ہے۔
آئندہ تلنگانہ کے کسانوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ تلنگانہ کے کسانوں کی ترقی کیلئے بہتر انداز میں کوشش کی جائے گی۔ راہول گاندھی کی قیادت میں تیار کردہ منشور میں زراعت اور اس سے منسلکہ تمام شعبہ جات کی ترقی کیلئے منصوبہ بند طریقہ پر عمل کیا جائے گا۔ دیہی علاقوں میں ترکاری کی کاشت، مصنوعی کھاد کے بجائے قدرتی کھاد کی تیاری اور اس کے استعمال کی تربیت دی جائے گی۔ اس موقع پر فائر اسٹیشن عمارت کا بھی پونم پربھاکر نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر مارکٹ کمیٹی چیرمین آکارپو بھاسکر ریڈی، سابق میئر ڈی شنکر، وائی سونل راؤ اور دیگر قائدین موجود تھے۔