نظام آباد ۔ 2 مئی ۔ ( فیکس ) قاضی سید ارشد پاشاہ سرکاری ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ حالیہ عرصہ میں غیرموسمی بارش کی وجہ کسانوں کی تیار فصلیں تباہ ہوگئیں۔ دھان ، ہلدی ، مکئی ، مرچ اور دیگر تمام فصلوں کی تباہی نے کسانوں کو شدید نقصانات سے دوچار کردیا ہے۔ شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں متاثرہ کسانوں کو فوری راحت بہم پہونچانے کے سلسلہ میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ مختلف تعمیری ترقیاتی اسکیمات کی بار بار تشہیری مہم چلائی جارہی ہے لیکن اس سے پریشان حال عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوسکتا ۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کے قائدین نے عام انتخابات کے موقع پر دلکش وعدے کرکے عوام سے ووٹ حاصل کئے تھے لیکن تقریباً ایک سال کے بعد بھی کامیابی کے ساتھ ہمکنار نہ ہوسکے ۔ کل ہند کانگریس کمیٹی کے نائب صدر مسٹر راہول گاندھی کی جانب سے کسانوں کے مسائل پر جدوجہد کے آعاز کے معلنہ پروگرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے مہاراشٹرا کے ودربھا ، ریاست تلنگانہ اور دیگر دو ریاستوں راجستھان اور اترپردیش کے پیدل دورہ کے پروگرام کا اعلان کیاہے ۔ ان تمام ریاستوں میں جہاں غیرکانگریس حکومتیں برسراقتدار ہیں کسانوں کے مسائل اور مشکلات کو دور کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔ انھوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ کانگریس قائدین اور پارٹی کے سرگرم کارکن مسٹر راہول گاندھی نائب صدر کے اس تاریخی کسان مارچ کے منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی تیاری کریں۔ انھوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں بھی راہول گاندھی کا کسان مارچ کانگریس پارٹی میں نئی روح پھونکے گا اور کانگریس پارٹی کے تنظیمی استحکام میں بھی ایک کلیدی رول انجام دے گا ۔