حکومت ہر طرح کی مدد کیلئے تیار ، مسائل کا جائزہ لینے سوامی ناتھن کمیٹی کی تشکیل
گلبرگہ /20 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست کرناٹک میں فصلوںکی ناکامی اور قرضوں کے بوجھ سے تنگ آکر گزشتہ دو ماہ کے دوران 70کسانوں نے خود کشی کرلی ہے ۔ ان حالات میں کسانوںکے مسائل سے واقفیت کے لئے سوامی ناتھن کمیٹی ان کے مسائل کا جائزہ لے گی ۔ زرعی سائینسدن ڈاکٹر ایم ایس سوامی ناتھان جو اس کمیٹی کے صدر نشین ہیں کسانوںکو خود کشی جیسے انتہائی اقدام سے بچانے کے لئے مناسب اقدامات کرنے، مناسب پروگراموں اور پروجیکٹوں کو شروع کرنے کی سفارش کریں گے۔ ایک صحافتی کانفرینس میںان تفصیلات کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر سدرامیا نے کہا کہ بدنصیبی سے گزشتہ دو ماہ کے دوران خود کشی کرنے والے کسانوں کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے ۔ اور ضروری ہوگیا ہے کہ کسانوں کی خود کشی کے واقعات کی صحیح وجوہات کا پتہ چلایا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کسانوںکو بغیر کسی سود کے قرضے فراہم کررہی ہے اور ان کی امداد کے لئے ہرممکنہ قدم اٹھارہی ہے ۔ میسور اور منڈیا کے علاوہ کولار میںبھی کسانوں کی خود کشی کے واقعات ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ کولار ، چک بلاپور اور بنگلورو دیہی ضلع کے کسانوںکو بھی اسی طرح کے مسائل کا سامنا تھا لیکن انھوں نے خود کشی نہیں کی ۔ لہٰذا کسانوںکی خود کشی کی صحیح وجوہات معلوم کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ ضلعی سطح پر عہدہ داران کی کمیٹیاںبنائی گئی ہیں اور ان کمیٹیوںسے کہا گیا ہے کہ وہ خود کشی کرنے والے کسانوں کے مکانات پر پہنچ کر ان کے افراد خاندان سے خود کشی کی صحیح وجوہات جاننے کی کوشش کریں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایسے خانگی فائینانسرس جو کسانوںسے زیادہ سے زیادہ سود حاصل کرتے ہیں، کسانوںکو فصلوںکے نقصانات کے باوجود اس سود و قرض کی وصولی کے لئے ان پر دبائو ڈالتے رہتے ہیںان کے خلاف سرکاری عہدہ داران نے کارروائی شروع کردی ہے۔ چیف منسٹر نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مشکل حالات کے باوجود خود کشی جیسے انتہائی اقدام سے باز رہیں ۔ ریاستی حکومت ان کی ہر طرح سے مدد کے لئے تیار ہے اور آگے بھی ان کی تائیدمیں ہی قدم اٹھاتی رہے گی۔چیف منسٹر نے کو آپریٹیو بینکوںاور اداروںپر زور دیا ہے کہ وہ متاثرہ کسانوںسے قرضوںکی وصولی کے معاملہ میں دبائو نہ ڈالیں ۔ کمرشئیل بینکوںسے بھی کہا گیا ہیکہ وہ متاثرہ کسانوںکو قرضوںکی وصولی کے لئے نوٹس جاری نہ کریں ۔ مسٹر سدرامیا نے کہا کہ انھوںنے خود کشی کرنے والے چند کسانوںکے کے افراد خاندان سے ملاقاتیںکی ہیں اور انھیںممکنہ مالی امداد پہنچائی ہے۔