بھینسہ میں مشن کاکتیہ کا آغاز، ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کا خطاب
بھینسہ /15 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاست کے عوام کو آبی سربراہی اور بارش کے پانی کا ذخیرہ کرنے کے لئے تلنگانہ حکومت نے مشن کاکتیہ کے نام سے اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے تمام تعلقوں میں موجود تالابوں سے مٹی کی نکاسی کرتے ہوئے تالابوں کی مرمت کے لئے کروڑوں روپئے کی منظوری دی ہے، جس سے تلنگانہ کے کسانوں کو ہر موسم میں آبی سربراہی میں مشکلات نہ ہوں۔ اس اسکیم کے تحت تعلقہ مدھول کے 6 منڈلوں میں موجود 91 تالابوں میں 44 تالابوں کی مرمت اور مٹی کی نکاسی کے لئے 17 کروڑ 73 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر امکنہ و انڈومنٹ اے اندرا کرن ریڈی نے بھینسہ منڈل کے موضع وانل پاڑ میں مشن کاکتیہ کے ذریعہ تالاب سے مٹی نکاسی کے افتتاح کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ گڈنا واگو پراجکٹ کے ذریعہ تعلقہ مدھول کے تمام منڈلوں میں موجود عوام اور کسانوں کو آبی سربراہی اور پوچم پاڈو پراجکٹ کے ذریعہ تعلقہ نرمل کے تمام منڈلوں میں موجود عوام اور کسانوں کو آبی سربراہی کے لئے تلنگانہ حکومت نے کروڑوں روپئے کی لاگت سے لفٹ ایریگیشن کے کاموں کو تیزی سے انجام دے رہی ہے۔ علاوہ ازیں ریاست میں آر اینڈ بی شاہراہوں کی توسیع اور مرمت کے لئے حکومت نے سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے کروڑوں روپئے منظور کئے ہیں۔ انھوں نے عوام سے خواہش کی کہ تلنگانہ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو مکمل کروانے کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کے خواب کو پورا کریں۔ اس موقع پر حلقہ اسمبلی مدھول جی وٹھل ریڈی اور تلنگانہ کے مرکزی نمائندہ ڈاکٹر ایس وینو گوپال چاری نے چیف منسٹر تلنگانہ کی کار کردگی کی ستائش کی۔ اس موقع پر نرمل ریونیو ڈیویژنل آفیسر شیوا لنگیا، بھینسہ ایم پی ڈی او محمد ضیاء الدین، موضع وانل پاڑ سرپنچ لکشمی کے علاوہ چھوٹی آبپاشی پراجکٹ عہدہ دار سی ای شنکر، ای ای رمیش ریڈی، ڈی ای لکشمی اور ٹی آر ایس قائدین بھی موجود تھے۔ بھینسہ ڈی ایس پی اے راملو کی نگرانی میں پولیس کی جانب سے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔