کسانوں سے راہول کے وعدوں پر بی جے پی کا طنز

نئی دہلی 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج کسانوں سے راہول گاندھی کے وعدوں کا مضحکہ اڑایا اور کہا کہ یہ انتخابات کے سیزن میں ہمدردی کا موقع کے اعتبار سے مظاہرہ ہے ۔ پارٹی نے یہ ادعا کیا کہ بی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں میں سب سے زیادہ زرعی ترقی ہوئی ہے اور کانگریس کی ریاستوں میں اراضیات پر قبضوں کے واقعات عام ہیں۔ زعفرانی پارٹی نے کانگریس نائب صدر کی جانب سے کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کے مطالبہ کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ کسانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے ۔ پارٹی نے کمپٹرولر و آڈیٹر جنرل کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا جس کے مطابق یو پی اے کی پہلی معیاد کے دوران کسانوں کے قرض معاف کرنے کی ایک اسکیم میں 51,000 کروڑ روپئے کا اسکام ہوا تھا ۔ پارٹی ترجمان سدھانشو ترویدی نے ایک پریس کانفرنس میںکہا کہ راہول گاندھی نے انتخابات کے موسم میں کسانوں سے ہمدردی کا موسمی اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے راہول پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی سیاست کا حصہ ہیں لیکن وہ معلومات حاصل کرنے اور یکسوئی کی خاطر بیرونی ملک جاتے ہیں۔ انہوں نے مودی حکومت پر بے بنیا داور مضحکہ خیز الزامات عائد کئے ہیں۔