کزنٹسوا اور زیوریف نے سٹی اوپن خطابات جیت لئے

سین جوز/کیلی فورنیا۔7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) رومانیہ سے تعلق رکھنے والی میہالا بزارنسکو نے سین جوز ٹینس چیمپئن کا خطاب جیت کر ایونٹ کو اپنے لیے یادگار بنالیا۔ 30 سالہ بزارنسکو نے فائنل میں یونانی حریف ماریا سیکاری کو آسانی سے 6-1 اور 6-0 سے شکست دے کر پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹورایونٹ جیتا۔ فاتح کھلاڑی نے ماضی میں بڑی کامیابیاں حاصل نہیں کی تھیں۔ چار برس قبل ان کا عالمی درجہ بندی میں مقام891 تھا لیکن حالیہ فتح کے بعد وہ درجہ بندی میں 20 ویں نمبر پر پہنچ گئیں۔ان کا کیریئر زخموں سے متاثر ہوا ہے، انہوں نے 2004 میں ٹینس کو تقریباً خیرباد کہہ دیا تھا لیکن کئی سرجریز کروانے اور فٹنس حاصل کرنے کے بعد وہ واپس ہوئی ہیں اوراب انہیں محنت کا پھل مل گیا ہے۔ واشنگٹن میں روس کی سویتیلانا کزنٹسوا نے سٹی اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کا ویمنز سنگلز خطاب جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد اور ڈونا ویکک کو شکست دی۔ کزنٹسوا کی کامیابی کا اسکور 4-6، 7-6(9-7) اور 6-2 رہا۔ جبکہ ایونٹ میں مردوں میں جرمنی کے الیگزینڈر زیوریف چیمپئن بنے۔ مینز سنگلز فائنل میں جرمنی کے الیگزینڈر نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیائی کھلاڑی ایلکس ڈی مینور کو راست سٹوں میں 6-2اور 6-4سے شکست دے ٹورنامنٹ میں اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کیا ہے۔