کریم نگر کے تمام منڈلس کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دینے کا مطالبہ

ضلع کے تمام کسان قحط سے پریشان، صدر ڈی سی سی کے مرتنجیم کی پریس کانفرنس
کریم نگر۔/28نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر کے سبھی منڈلوں کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دینے کا اعلان کیا جائے ، یہاں دفتر ڈی سی سی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ڈی سی سی کے مرتنجیم نے حکومت سے اس بات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے صرف 19منڈلوں کو خشک سالی سے متاثرہ ہونے کا اعلان کیا گیا، آیا یہ کس رپورٹ کی بنیاد پر کیا گیا جبکہ ماباقی37منڈل بھی خشک سالی سے متاثرہ ہیں۔ ضلع بھر میں 100میں سے 70فیصد زرعی اراضی خشک تری ہوتی ہے اس طرح 70فیصد کسانوں نے کاشت کی تھی وہ بھی بارش کے نہ ہونے سے سوکھ گئی۔ اب کسانوں کی حالت بدترین ہوچکی ہے جبکہ اقتدار پر آنے کے بعد سے ٹی آر ایس حکومت کا کسانوں کے تئیں سلوک غیر منصفانہ ہے، کسی بھی قسم کی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ کسانوں کو ایک لاکھ تک قرض معافی کی بات کہی گئی جبکہ صرف 25فیصد قرض معاف کیا گیا اور اس کو بھی سود میں منہا کرلیا جارہا ہے۔ کسانوں کا قرض ویسا ہی رہا اور پھر دوبارہ قرض بھی نہیں دیا گیا۔ تالابوںکی مرمت، مشن کاکتیہ کی شروعات ہوئی، کروڑہا روپئے کی بدعنوانی ہوئی، بارش کے نہ ہونے اور حکومت کی ناتجربہ کاری سے کسانوں کی حالت مایوس کن ہے۔ تمام باؤلیاں اور تالاب خشک ہیں، کسان خودکشی کی جانب مائل ہورہے ہیں، مشن کاکتیہ کے اخراجات کے کام پر کروڑہا روپئے کا خرد برد کردیا گیا۔ حکومت کسانوں کی حالت سے بے خبر ہے، کورٹلہ میں گنے کے کاشتکاروں سے خریدے گئے 7کروڑ مالیت گنے کی قیمت ابھی تک ادا نہیں کی گئی جبکہ بتکماں، دسہرہ، رمضان میں افطار پارٹیوں پر کروڑہا روپئے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کریم نگر کے تمام منڈلوں کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سرسلہ، میدک اور نظام آباد کے منڈلوں کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دیئے جانے کو ناانصافی پر مبنی قرار دیا۔