کریم نگر /13 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجلس بلدیہ کریم نگر کا اجلاس میونسپل کمشنر کرشنا بھاسکر کی نگرانی میں بلدیہ میٹنگ ہال میں منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر مئیر مجلس بلدیہ سردار رویندر سنگھ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے ہریتا ہارم پروگرام کو کامیاب بنانا ہوگا ۔ چیف منسٹر کے احکامات کے مطابق مجلس بلدیہ کے حدود میں دو لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہریتا ہارم پروگرام میں مجلس بلدیہ کے ملازمین اپنی رضامندی و خوشی سے اپنی ذمہ داری اور فرض شناسی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس شجرکاری پروگرام میں حصہ لینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کارپوریٹر عوام کے تعاون سے ہر گھر میں کم از کم دو پودے لگائیں ۔ مجلس بلدیہ کے ملازمین بھی اپنے رشتہ داروں اور دوست و احباب کا شعور بیدار کرتے ہوئے ان کے مکانات میں بھی شجرکاری کا مشورہ دیں اور خود بھی اُن پودوں کی حفاظت میں دلچسپی لیں تو شہر کریم نگر گرین سٹی ہوجائے گا ۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں کے ذمہ داران سے ملاقات کرکے مدارس اور کالجس میں پودے لگوانے کا مشورہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شکایت سننے میں آرہی ہے کہ پودوں کو پھینکا جارہا ہے ۔ تحقیقات کے بعد پتہ چلنے پر متعلقہ عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ بلدیہ کمشنر کرشنا بھاسکر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی شعور بیداری کیلئے پمفلٹس تقسیم کریں اور انہیں پودوں کی اہمیت سے واقف کروائیں 18 جولائی کو اس کام کا آغاز ہوجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہریتا ہارم پروگرام کو منصوبہ بند طریقہ سے کامیاب بنانا ہوگا ۔ اس موقع پر یادو ، ای موہن کمار ، ڈی ای شیلم ، شنکر ، یادگیری ، راملو ، مقصود مرزا اور راج منوہر موجود تھے ۔