عوام کے مشورے پر منصوبے کی تیاری، میئر رویندر سنگھ کا بیان
کریم نگر۔/29جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شمالی تلنگانہ میں مرکزی حیثیت رکھنے والے شہر کریم نگر کوا سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں جاریہ ماہ 30کو خانگی سرکاری اسکولس تعلیمی اداروں کے ساتھ مجلس بلدیہ کارپوریشن ایک وسیع تر اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کرچکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار میئر سردار رویندر سنگھ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ سٹی بنانے کے لئے عوام سے صلاح و مشورہ کیا جارہا ہے۔ مختلف تعلیمی تعلیمی اداروں کے احاطوں میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عوام سے شجر کاری میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ پودوں کی نگہداشت متعلقہ تعلیمی اداروں کے منتظمین اور طلباء کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ایک لاکھ افراد سے تجویز کے حصول کا نشانہ بنالیا ہے۔ اس سلسلہ میں 50 ڈیویژن میں ایک کے بعد دیگرے مرحلہ وار ہر ڈیویژن میں اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ مختلف محلہ جات اور دفاتر سے خطوط اور ویڈیوز کے ذریعہ تجاویز اور مشورے طلب کئے جارہے ہیں۔ اسمارٹ سٹی کے لئے مبسوط منصوبہ عمل ڈی پی آر کی تیاری کیلئے مہلت وقت میں اضافہ کے لئے تحریری درخواست دی گئی ہے جبکہ 30 جون کو ہی منصوبہ عمل تیار کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے لیکن کریم نگر کے لئے اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ ڈی پی آر کی تیاری کیلئے کنسلٹنسی کے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ آئندہ ماہ 2یا 3تاریخ کو مجلس بلدیہ سنگم سطح کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے اس کے ساتھ ہی عام اجلاس بھی منعقد کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ای ای موہن کمار، ڈی ای ای لکشمی نارائنا، اے ای سامبا مورتی اور دیگر کارپوریٹرس موجود تھے۔