کریم نگر پاسپورٹ دفتر میں دو بارہ خدمات کا آغاز

روزانہ 120 درخواستوں کی جانچ کا کام اور اجرائی

کریم نگر۔/3فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کریم نگر میں پاسپورٹ آفس تقریباً ڈھائی سال سے بند رہنے کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا تھا، تاہم اب دوبارہ یہاں کام شروع کردیا گیا ہے اور روزانہ تقریباً 120درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے اہل درخواست گذاروں کو پاسپورٹ کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ضلع کے عوام ہی نہیں بلکہ قریبی اضلاع کے لوگ بھی استفادہ کررہے ہیں۔ کانگریس کے دور حکومت میں ضلع کریم نگر کے عوام کو پاسپورٹ کے حصول میں دشواری کے سبب یہاں عارضی پاسپورٹ آفس 2012میں قائم کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں پاسپورٹ آفس کو نظام آباد منتقل کردیا گیا تھا جس سے مقامی عوام کو مشکلات پیش آرہی تھیں۔ مقامی رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کی کاوشوں اور کوششوں کے سبب دوبارہ کریم نگر میں فبروری سال 2013 میں پاسپورٹ دفتر کا قیام عمل میں لایا گیا تھا،۔ یہاں مناسب عملہ نہیں تھا اور حیدرآباد سے عملہ پندرہ دن میں ایک مرتبہ یہاں خدمات انجام دے رہا تھا اس طرح آٹھ ماہ بعد پاسپورٹ آفس کو مکمل طور پر بند کردیا گیا۔ موجودہ رکن پارلیمنٹ کی کوششوں کے سبب دوبارہ پاسپورٹ آفس کو کارکرد بنایا گیا، یہاں روزانہ 120درخواستوں کی یکسوئی کرتے ہوئے پاسپورٹ کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ پاسپورٹ کے خواہشمند آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ آن لائن ویب سائیٹ www.passport.india.gov.in میں داخل کرکے یوزر رجسٹریشن پر کلک کرکے پوچھے گئے سوال کو بھر کر داخل کیا جانا چاہیئے۔ پاسپورٹ دفتر کے اوقات صبح 9:30 تا 12:30 بجے ٹوکن حاصل کرلینا چاہیئے اور پھر درخواست داخل کریں۔

 

نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے
دو افراد ہلاک
دیملواڑہ ۔/3فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ویملواڑہ منڈل میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ویملواڑہ منڈل کے مانسورہ دیہات کے رہنے والے پاپیا 61سالہ کے ساتھ ریٹائرڈ ایم ای ڈی نرسمہا ریڈی دونوں وظیفہ کی رقم حاصل کرکے ویملوارہ سے مانسورہ واپس جارہے تھے ساچلی دیہات میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پاپیا کے اوپر سے گاڑی کا پہیہ گزر جانے سے اس کی مقام واقعہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔ جبکہ شدید زخمی نرسمہا ریڈی علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقام حادثہ پر پہنچ کر مقدمہ درج کرتے ہوئے گاڑی کی تلاش شروع کردی۔