کریم نگر میں گوشت و دودھ کی مقدار میں اضافہ کے اقدامات

کریم نگر۔/16مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کریم نگر میں بکریوں کی افزائش کی 679 سوسائٹیز کو قومی امدادی باہمی ترقیاتی کارپوریشن کے ذریعہ مالی امداد فراہم کرتے ہوئے گوشت کی مقدار میں ضلع کریم نگر میں اضافہ کرتے ہوئے اس کو پہلے مقام پر لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ رکن پارلیمنٹ حلقہ کریم نگر ونود کمار نے یہاں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں فی الحال بکریوں ، مینڈھوں اور پوٹلوں کی جتنی تعداد ہے اس کودوگنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کوروزانہ درکار گوشت کی مقدار کو بھیجنے کے اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ اس کے لئے ضلعی عہدیداروں کو مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ 20 فیصد سبسیڈی، 20فیصد عارضی امداد اور مابقی 60فیصد قرض بینک کے مستحق استفادہ کنندگان کو فراہم کیا جاکرجملہ 5000 یونٹوں کی منظوری کی یادداشت تیارکریں جبکہ ایک یونٹ بکریوں ، مینڈھوں، پوٹلوں کی قیمت ایک سو روپیہ ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ذریعہ پانچ سال میں 8431 میٹرک ٹن گوشت کی مقدار تک اضافہ کیا جاکر حیدرآباد کوگوشت بھیجنے کی حوصلہ افزائی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں بکروں کی افزائش کرنے والے امداد باہمی سوسائٹیز سنگھموں کے لئے ایک اے ڈی دفتر کی منظوری کیلئے درخواست دے دی گئی ہے جبکہ مویشیوں کے علاج کے مطالبہ کے لئے دو عدد موبائیل ایمبولنس ایک کال سنٹر قائم کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ دودھ کی پیداوار میں اضافہ کیلئے ضلع میں پچاس کروڑ کا ایک منصوبہ عمل تیار کیا جارہا ہے جبکہ 50فیصد سبسیڈی سے تین ہزار یونٹوں کی منظوری کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشیوں کے چارہ کو بھی 50فیصد سبسیڈی پر سربراہ کیا جاکر ضلع میں دودھ کی پیداوار میں اضافہ کرتے ہوئے حیدرآباد کو سربراہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور کسانوں کی معاشی حالت کو سدھارا جائے گا۔