کریم نگر۔/3جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر صدر اے آئی سی سی سونیا گاندھی کے فلیکسی، ہورڈنگس کو نکال دیئے جانے کے خلاف یہاں امبیڈکر مجسمہ کے پاس راستہ روکو احتجاجی دھرنا پارٹی ضلع صدر کرا شیکھر کی قیادت میں منظم کیا گیا۔ ریاستی حکومت، مجلس بلدیہ کارپوریشن کے غلط طرز عمل کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ راستہ روکو احتجاج سے ٹریفک میں خلل پیدا ہوا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کرا شیکھر نے کہا کہ سونیا گاندھی کے ہورڈنگس لگانے کے لئے قبل از وقت درخواست دی گئی تاہم ان ہورڈنگس ، فلیکسی کو ہٹادینے کے لئے کنٹراکٹر کو حکم دیا گیا اور کمشنر کی جانب سے دھمکیاں دی گئیں۔ انہوں نے کمشنر کے غلط طرز عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی کی ہمت، حوصلہ، تاریخی فیصلہ کے سبب ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی جس پر جشن تلنگانہ منایا جارہا ہے۔ انہوں نے سونیا گاندھی کے فلیکسی، ہورڈنگس کو نکال دیئے جانے کو ایک شرمناک حرکت قرار دیا۔ انہوں نے فلیکسی کو دوبارہ لگادینے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا انتباہ دیا۔ بعد ازاں پولیس کی جانب سے فلیکسی لگانے کی اجازت دینے کے تیقن پر راستہ روکو احتجاج ختم کردیا گیا۔ اس موقع پر مقامی قائدین بھی موجود تھے۔
تانڈور میں مشاعرہ
تانڈور۔/3جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جشن تلنگانہ تاسیس کے موقع پر 6جون بروز جمعہ بعد نماز عشاء احاطہ دفتر بلدیہ تانڈور میں ایک مشاعرہ منعقد ہوگا۔ جناب محمد خواجہ امیر جماعت اسلامی ضلع رنگاریڈی صدارت کریں گے۔ جناب زین الدین مشاعرہ کی کارروائی چلائیں گے۔ متوقع شعراء مسرس صلاح الدین نیر، رؤف خیر، سلیم ساحل، تقیہ غزل، محترمہ تسلیم جوہر، آتش حیدرآبادی، کامل حیدرآبادی کے علاوہ مقامی شعراء نعیم راہی، صدیق کوثر، محسن عرفی، صابر حسین افسر، فاروق ساحل، قیوم یاور، ناظم تانڈوری، ضیاء الدین ضیاء، ڈاکٹر مقصود ساجد، ڈاکٹر محی الدین مقبول، رفیق جگر مشاعرہ میں کلام سنائیں گے۔ ڈاکٹر مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ کی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت متوقع ہے۔