کریم نگر میں ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر اندرون 15 یوم 3476 مقدمات درج

کریم نگر ۔ 9 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر میں ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پر ای چالان کے ذریعہ 4376 مقدمات، اندرون 15 یوم درج کئے گئے ہیں۔ اس بات کا انکشاف پولیس کمشنر وی کملاسن ریڈی نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ای چالان طریقہ کار میں تصاویر کے ساتھ ثبوت ہونے کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو اطمینان ہوگا۔ اس کے باوجود بھی کوئی شک و شبہ ہو تو اس کا جواب دیتے ہوئے مطمئن کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای چالان، کہیں بھی بھرنے کی سہولت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس نئے طریقہ پر عمل آوری سے بہت جلد ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں میں کمی واقع ہوجائے گی۔ عنقریب کار چلانے والوں کو سیٹ بیلٹ لگائے جانے کیلئے سبھی سطح کے عہدیداروں کو تربیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون تین ماہ ٹریفک قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اس تعلق سے سبھی محکمہ جات کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔ سڑکوں کے چوراستوں پر سگنلس بھی قائم کئے جائیں گے۔ سڑکوں کی توسیع کا کام بھی مکمل کیا جارہا ہے۔ ماہ مارچ سے حیدرآباد کی طرح کریم نگر میں بھی ٹریفک اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔