کریم نگر /21 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن کی جانب سے کریسنٹ ہائی اسکول آڈیٹوریم کریم نگر میں پہلا سیرت النبیﷺ تقریری و کوئز مقابلہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ آئیٹا صدر کریم نگر محمد مظفر الدین نے ان مقابلوں کی نگرانی کی۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر بشیر احمد ڈائرکٹر کریسنٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کریم نگر نے کہا کہ سیرت النبی کے مقابلوں کے انعقاد کا مقصد ملت کے نونہالوں اور دختران ملت میں سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے واقف کرواتے ہوئے انھیں اتباع رسول پر آمادہ کرنا ہے۔ جنرل سکریٹری آئیٹا کریم نگر محمد عمر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیرت کوئز اور تقریری مقابلوں میں 25 سے زائد اسکولس کے 150 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ تقریری مقابلے میں غیر مسلم طلبہ نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبد القدوس، عمر بن علی صدر الخیر سوسائٹی، ڈاکٹر مشتاق، سینئر جرنلسٹ محمد نثار احمد، مولانا ابصار ندوی کے علاوہ طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس پروگرام میں ججس کے فرائض احمد عبد الحمید، سید زبیر احمد، ایوب خان، محمد خلیل احمد، محمد جمیل، محمد رفیق، محمد اقبال، سید معین احمد، عبد المعز، افضل محی الدین، عقیل الزماں اور سرور شاہ بیابانی نے انجام دیئے۔