کریم نگر میں سڑکوں کی 100فٹ تک توسیع کی منصوبہ بندی

کریم نگر۔/3ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کریم نگر کی آر اینڈ بی سڑکوں کو ماسٹر پلان کے مطابق عمل آوری کے لئے مارکنگ کا کام شروع ہوچکا ہے۔ شہر کے حدود میں 14کلو میٹر آر اینڈ بی کی سڑکیں پھیلی ہوئی ہیں ان سڑکوں کی درستگی، خوبصورتی اور توسیع کے لئے حکومت نے 46کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے اور جاری کردی ہے۔ شہر میں تمام آر اینڈ بی سڑکوں کو 100فیٹ چوڑا کرنے کا منصوبہ زیر ترتیب ہے۔ ویسے ماسٹر پلان کے مطابق 80فیٹ چوڑائی ہونی ہے لیکن مقامی ضروریات کے حساب سے 100فیٹ چوڑائی کے اختیارات مجلس بلدیہ کارپوریشن کو حاصل ہیں۔ اس لئے ان 100فیٹ کے لئے کریم نگر میں آر اینڈ بی سڑکوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جوبلی کمان سے تلنگانہ چوک تک 100فیٹ سڑک کی توسیع کردی گئی ہے اور اس حساب سے تلنگانہ چوک سے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز سے ہوتے ہوئے جگتیال جانے والی سڑک سے جوڑدینے کے لئے 100فیٹ کیلئے مارکنگ کی جارہی ہے۔

سابق میں منصوبہ بند طریقہ سے جوبلی کمان سے تلنگانہ چوک تک سڑک کی توسیع کے دوران کئی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ عدالت سے اسٹے بھی لایا گیا لیکن درمیان میں آنے والی عمارتوں کو توڑ دیا گیا اور ان عمارتوں کے مالکین کو مجلس بلدیہ نے نقصان کا معاوضہ ادا کرنے کا وعدہ کرکے دو سال کا عرصہ ہوگیا

ابھی تک اس کی ادائیگی نہیں ہوئی ہے۔ توجہ دلانے پر یہ کہا جارہا ہے کہ اس تعلق سے حکومت کو رپورٹ بھیج دی گئی ہے، یہ معاوضہ کس طرح ادا ہوگا اور کب ہوگا دیکھنا ہوگا۔ سڑکوں اور ڈرینج کی ترقی کیلئے محکمہ عمارات و شوارع سے 2کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ برقی پولیس کو ہٹانے کا کچھ حد تک کام ہوچکا ہے ، ڈرینج کا کام شروع ہوا لیکن درمیان میں روک دیا گیا۔ یہ کام ادھورا ہے ساتھ ہی یو جی ڈی کے تحت شروع کردہ کام انتہائی سست رفتاری کے ساتھ چل رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کا رُخ بدل دینے کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسی طرح بعض عمارتوں کے مالکین جو عدالت سے اسٹے حاصل کئے ہیں وہ کام کو جاری رکھنے نہیں دے رہے ہیں اور ان کا کہناہے کہ ماسٹر پلان کے مطابق 80فیٹ کی چوڑی سڑک کافی ہے، 100فیٹ چوڑائی کی کیا ضرورت ہے۔عہدیداروں کا کہنا ہے کچھ کام 100فیٹ چوڑائی کا ہوچکا ہے اور اس کے مطابق مابقی تمام سڑکوں کی چوڑائی بھی 100فیٹ ہونی چاہیئے تاکہ آئندہ بڑھتی ہوئی آبادی کے لحاظ سے آمدورفت میں آسانی ہوسکے۔ سڑک پیدل چلنے والوں کی سہولت کیلئے 100فیٹ چوڑائی ضروری ہے کہا جارہا ہے۔ اس کے لئے منصوبہ تیار کرکے تخمینہ لگایا جاچکا ہے جس کے تحت 46کروڑ روپئے منظور ہوچکے ہیں۔