کریم نگر ۔ 3 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر میں سڑکوں کی کشادگی کے سلسلے میں رہائشی مکانات کو نقصان نہیں ہونا چاہئے، کچھ اس طرح کا منصوبہ عمل تیار کیا جانا چاہئے۔ سڑکوں کی کشادگی کی زد میں آرہے عمارتوں کے مالکین نے مجلس بلدیہ کارپوریشن کمشنر و عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران اس طرح اظہار خیال کیا۔ مجلس بلدیہ کارپوریشن دفتر میں یہ اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ رہائشی مکانات کے مالکین نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کی پروگراموں کی عمل آوری کے ہم مخالف نہیں ہیں تاہم دوسری جانب بھی غور کیاجانا چاہئے کہ کافی محنت و جستجو کے بعد ایک مکان تعمیر کیا جاتا ہے اور اب سڑک کی کشادگی کے نام پر اسے ڈھا دیا جانا کس طرح کا انصاف کہلائے گا۔ اس پر کمشنر بلدیہ کارپوریشن رمنا چاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1997ء میں ترتیب دیا گیا منصوبہ پر عمل کیا جارہا ہے اور حکومت کے احکامات کے مطابق بھی سڑکوں کی کشادگی عمل میں لائی جارہی ہے اور سڑک کے درمیان میں حساب سے بھی ڈیوائیڈر لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے جی او 108 کے مطابق سڑکوں کی کشادگی کے تعلق سے قانون قاعدے کی وضاحت کی اور کہا کہ مالکین مکانات کے مفاد کو بھی ملحوظ رکھا جائے گا۔ کسی کا نقصان نہیں کیا جائے گا۔