سنگ بنیاد کی تختی غائب، مقامی مہیلا قائدین میں برہمی
کریم نگر۔/30ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر میں دس سال قبل کانگریس دور اقتدار میں مختلف قائدین کی کوششوں کے سبب مہیلا بھون کی تعمیر کے لئے اراضی کی منظوری دی گئی تھی اور اس وقت ضلع پریشد چیرمین آرے پلی موہن مارکفیڈ چیرمین پونم پربھاکر نے مہیلا بھون عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور اس بات کا تیقن دیا گیا تھا کہ بھون کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری عمل میں لائی جائے گی لیکن یہاں سے اب سنگ بنیاد کی تختی بھی غائب ہوچکی ہے۔ بھون کی تعمیر کے سلسلہ میں مہیلا قائدین کی جانب سے متعلقہ عہدیداروں کو یادداشت حوالے کی گئی تاہم اس ضمن میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ مہیلا بھون کی اراضی جس کی مالیت 30 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے شبہ کیا جارہا ہے کہ یہاں پر برسر اقتدار پارٹی کے قائدین قبضہ کررہے ہیں اور یہاں تعمیر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مقامی افراد کا اس طرح کا کہنا ہے۔ مقامی عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مہیلا بھون کی اراضی پر ہورہے غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کیلئے متعلقہ میونسپل ٹاؤن پلاننگ اور ریونیو عہدیداروں کو کارروائی کرنی چاہیئے۔
جگتیال میں دو روزدفعہ 144 نافذ
جگتیال۔/30 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال میں سال نو پُرامن طریقہ سے منانے اور نوجوانوں کو غیرقانونی سرگرمیوں سے روکنے کیلئے دو یوم 31ڈسمبر اور یکم جنوری کو پولیس کی جانب سے دفعہ 144 نافذ العمل رہے گا۔ یہ بات جگیال ڈی ایس پی نے ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا عوام بالخصوص نوجوانوں سے خواہش کی کہ جشن سال نو پُرامن طریقہ سے منائیں غیر قانونی سرگرمیوں سے باز رہیں اور کھلے عام شراب نوشی سے اجتناب کریں اور موٹر سیکلوں کو تیز رفتار سے نہ چلائیں اور ڈی جے ساؤنڈ کے استعمال پر پابندی رہے گی۔ رات دیر گئے سڑکوں پر گشت کرنے یا جشن منانے کی اجازت نہیں رہے گی اور 31ڈسمبر کے دن شراب کی دکانات بند رکھی جائیں گی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سرکل انسپکٹر ٹاؤن مسٹر کروناکر راؤ اور کورٹلہ سرکل انسپکٹر مٹ پلی ٹاؤن سرکل انسپکٹر کے علاوہ رورل سرکل انسپکٹر وجئے راج موجود تھے۔